ایران کے معاملے پر ‘ فیصلہ کن مرحلے ‘ میں ہیں : امریکی صدر
11:13, 21/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 15:41, 21/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

AA
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔ فائل فوٹوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا ہے کہ ’وہ ایران کے معاملے پر ‘ فیصلہ کن مرحلے’ میں ہیں ، اور آنے والے دنوں میں بہت بڑے واقعات ہونے والے ہیں۔‘
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے نمائندے ٹرے ینگسٹ سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ایران کو اپنا رویہ درست کرنا چاہیے۔ وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔‘
ٹرے ینگسٹ نے بتایا کہ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے تین آپشنز زیر غور ہیں، جن میں انہیں مکمل تباہ کردینا، انہیں معاشی طور پر کمزور کرنا یا پھر کوئی معاہدہ کر لینا شامل ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میرا سوال یہ ہے کہ میں پوری قوم کو کب اور کیسے مکمل تباہ کروں ؟ بہتر یہی ہے کہ وہ ٹھیک رویہ اپنا ئیں۔‘
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے متعلق جب ٹرمپ سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اس کے لیے ’ممکنہ طور پر‘ تیار ہیں۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کو تقریباً سات ماہ گزر جانے کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔
جبکہ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے پیر کے روز خبردار کیا کہ ’کسی بھی نئے حملے کی صورت میں تہران خطے میں جنگی جغرافیہ اور ہتھیاروں کے معیار کو تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔‘
فرانس کی بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے اتوار کو کہا کہ ’ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکہ کو آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط سے آگاہ کردیا ہے، جس کو مشرق وسطیٰ کی جنگ کے دوران ایران نے بند کرنے کی کوشش کی تھی۔‘
جبکہ امریکی فوجی حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ ’گزشتہ دو ہفتوں کے دوران خلیج سے اس سمندری راستے تیل، گیس اور کارگو کی ترسیل گزشتہ چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔‘