چائنہ میں 7.0 شدت کا زلزلے سے 16 لوگ ہلاک سینکڑوں مکانات منہدم، پاکستانی قیادت کا اظہار افسوس
10:16, 23/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 10:54, 23/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسکایجنسی

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 22 اکتوبر کو آنے والا یہ زلزلہ جنوری 2024 کے بعد سب سے طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چائنہ کے شہر تبت میں جمعرات کی رات سات شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور سینکڑوں گھر منہدم ہو گئے ہیں۔ چائنہ کی مقامی حکومت کی جانب سے جمعے کو سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں 65 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز چائنہ کا گاؤں ناگچو ہے۔ ناگچو چائنہ کے شہر تبت میں بلندی پر واقع ایک گاؤں ہے جہاں جمعرات کی رات 10 بج کر 33 منٹ پر زلزلہ آیا۔ پاکستان میں اس وقت شام کے 7 بج کر 33 منٹ تھے۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 22 اکتوبر کو آنے والا یہ زلزلہ جنوری 2024 کے بعد سب سے طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق زلزلے کے بعد ٹریفک اور کمیونٹی سمیت 300 پولیس آفیسر زلزلے کی مرکز کی جانب سے بھیجے گئے۔ جبکہ ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی تھی۔
جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ زلزلے کے باعث بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔ زلزلہ سرد موسم میں ایک بلند پہاڑی علاقے میں آیا۔
خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ ’تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔‘
انہوں نے متاثرہ رہائشیوں کی مدد اور امدادی آلات فوری طور پر علاقے میں پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ناگچو شہر سے تقریباً 190 کلومیٹر مشرق شمال اور علاقائی دارالحکومت لہاسا سے 390 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک پہاڑی علاقے میں تھا۔
شنہوا کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریب واقع مارو ٹاؤن شپ کے ایک مقامی عہدیدار لہوانگ ڈاگپو نے بتایا کہ زلزلے سے ان کے دفتر کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔
چائنہ کے سرکاری ٹیلی ویژن ’سی سی ٹی وی’ کے مطابق باچنگ کاؤنٹی کی جانب سے امدادی کارروائیوں کے لیے ایک ہزار 600 سے زائد افراد کو بھیجا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی نے بتایا کہ میونسپل فائر اینڈ ریسکیو بریگیڈ نے 25 گاڑیوں اور 110 اہلکاروں کو روانہ کیا، جبکہ ناگچو آرمڈ پولیس ڈیٹیچمنٹ نے 225 افسران و اہلکاروں اور 18 گاڑیوں کو امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجا۔
سی سی ٹی وی کے مطابق جمعے کی صبح ساڑھے 4 بجے تک امدادی سامان متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا گیا تھا جس میں ایک ہزار تیار شدہ مکانات، 3 ہزار 239 خیمے، چار جنریٹر اور ایک ہزار ٹارچیں شامل تھیں۔
صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو الگ الگ بیانات میں چینی صدر اور زلزلے میں جان سے جانے والوں کے اہل خانہ اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے چین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
صدر زرداری کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔