فولڈ ایبل فونز کی سکرین میں خرابی پر ایپل کا آئی فون ڈیوو تبدیل کرنے کا اعلان
16:28, 27/10/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 16:29, 27/10/2026, منگل
ویب ڈیسک

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’فولڈ ایبل سکرین‘ کے مسائل سے متاثرہ آئی فون ڈیوو فونز تبدیل کرے گا۔‘
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’فولڈ ایبل سکرین‘ کے مسائل سے متاثرہ آئی فون ڈیوو فونز تبدیل کرے گا۔‘ یہ اعلان کمپنی کا فولڈ ایبل سمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں ٹیکنالوجی کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل سمارٹ فون کی سکرین پر لکیریں دکھائی دے رہی ہیں۔
ایپل نے کہا ہے کہ اسے اپنے فونز کی فولڈنگ کے دوران اندرونی سکرین کو متاثر کرنے کے مسئلے کا علم ہے۔ کمپنی نے متاثرہ صارفین کو فون تبدیل کروانے کے لیے اس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی فون ڈیوو کی گزشتہ ہفتے لانچنگ کے موقع پر دنیا بھر میں ایپل سٹورز پر لوگوں کا ہجوم دیکھا گیا تھا۔
بعض صارفین نے ایسی تصاویر بھی شیئر کیں جن میں سکرین کے درمیان موجود تہہ کے مقام پر دراڑیں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ کچھ صارفین نے فون کھولتے وقت چرچراہٹ جیسی آواز سنائی دینے کی شکایت کی۔
بی بی سی کے مطابق جسٹن لوکوس نامی ایک صارف نے اپنے فون کی اسکرین کے دائیں جانب لکیریں دکھانے والی تصویر پوسٹ کی۔ بعد ازاں انہوں نے خراب فون کے ساتھ متبادل فون کی تصویر بھی شیئر کی اور نیویارک میں ایپل سٹور کے عملے کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ اس مسئلے سے کتنے فون متاثر ہوئے ہیں۔ ایپل نے متاثرہ ڈیوائسز کی تعداد نہیں بتائی، جبکہ آن لائن شیئر ہونے والی بعض تصاویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار یا تبدیل کی گئی ہو سکتی ہیں۔
آئی فون ڈیوو میں 7.6 انچ کی اندرونی اسکرین ہے، جو درمیان سے جڑی ہوئی ہے۔
سام سنگ کو بھی 2019 میں اسی طرح کی مشکل پیش آئی تھی، جب جائزہ لینے والوں نے اس کے پہلے فولڈ ایبل سمارٹ فون گلیکسی فولڈ کی سکرین میں خرابیوں کی نشاندہی کی تھی۔ یہ شکایات فون کی طے شدہ لانچنگ سے کچھ عرصہ قبل سامنے آئی تھیں۔