پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری، ’عرب جماعتیں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہی‘

11:00, 28/10/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 11:31, 28/10/2026, بدھ
ویب ڈیسک
 پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری، ’عرب جماعتیں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہی‘
تصویر: انادلو
کسی بھی بڑے سیاسی اتحاد کو پارلیمان میں اکثریت کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق پارلیمانی انتخابات میں 49.7 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے اتحاد کو 120 رکنی کنیسٹ میں 56 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے مرکزی انتخابی کمیٹی کے حوالے سے بتایا کہ گادی آئزنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کو 49 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ تر عرب جماعتوں کے حصے میں باقی 15 نشستیں آنے کی توقع ہے۔

کسی بھی بڑے سیاسی اتحاد کو پارلیمان میں اکثریت کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔

حکومت سازی میں عرب جماعتیں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اگر یہ جماعتیں آئزنکوٹ کے اتحاد کی حمایت پر آمادہ ہو گئیں تو اس اتحاد کی مجموعی نشستیں 64 ہو جائیں گی جس سے اسے پارلیمانی اکثریت حاصل ہو سکتی ہے۔

انفرادی جماعتوں میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی 27 متوقع نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ آئزنکوٹ کی یاشار پارٹی کو 21 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

ٹُگیدر اتحاد اور زیادہ تر عرب جماعتوں پر مشتمل جوائنٹ لسٹ، دونوں کو 11، 11 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔ ڈیموکریٹس اور یونائیٹڈ تورہ یہودیت کو نو، نو نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

انتخابات میں مجموعی طور پر 73 لاکھ 31 ہزار 981 اسرائیلی ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ یہ انتخابات وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد اور سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کے ماحول میں ہو رہے ہیں۔

ملک بھر میں 12 ہزار 18 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں تقریباً 18 ہزار بیلٹ باکس رکھے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کے لیے لگ بھگ ایک لاکھ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

انتخابات میں 37 سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ حکومت بنانے کے لیے پارلیمنٹ کی کم از کم 61 نشستیں درکار ہیں۔

حالیہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق نیتن یاہو کے اتحاد اور اپوزیشن جماعتوں میں سے کسی کے بھی 61 نشستیں حاصل کرنے کا امکان واضح نہیں۔ اسرائیلی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس نے سخت مقابلے کے باعث ووٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت کی توقع ظاہر کی ہے۔

انتخابات میں نمایاں امیدواروں اور جماعتوں میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی، آئزنکوٹ کی یاشار پارٹی اور سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی قیادت میں ’ٹوگیدر‘ اتحاد شامل ہیں۔

دیگر اہم جماعتوں میں یائیر گولان کی قیادت میں ڈیموکریٹس، ایویگڈور لائبرمین کی یسرائیل بیتینو اور قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر کی یہودی طاقت پارٹی شامل ہیں۔

عرب جماعتوں میں یوسف جبارین کی قیادت میں جوائنٹ لسٹ اور منصور عباس کی متحدہ عرب فہرست (رعام) شامل ہیں۔

یہ 1988 کے بعد اسرائیل میں پہلے انتخابات ہیں جو پارلیمنٹ کی مکمل چار سالہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد مقررہ وقت پر ہو رہے ہیں۔

اسرائیلی قانون کے تحت پارلیمانی انتخابات ہر چار سال بعد ہوتے ہیں تاہم کنیسٹ کم از کم 61 ارکان کی حمایت سے قانون سازی کے ذریعے اپنی مدت مکمل ہونے سے پہلے بھی تحلیل ہو سکتی ہے۔

مقررہ قانونی مدت کے اندر حکومت تشکیل دینے یا قومی بجٹ منظور کرنے میں ناکامی کی صورت میں بھی قبل از وقت انتخابات ہو سکتے ہیں۔

یہ انتخابات اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد ملک میں ہونے والے پہلے عام انتخابات ہیں۔

ووٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسرائیل لبنان، ایران اور یمن میں فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ شام، لبنان اور غزہ کے بعض علاقوں پر اسرائیلی قبضہ برقرار ہے۔ جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے جاری کردہ گرفتاری کے وارنٹ کا بھی سامنا ہے۔

یہ انتخابات 76 سالہ نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل کے لیے بھی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ وہ رشوت، دھوکا دہی سمیت بدعنوانی کے الزامات پر مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

نیتن یاہو دسمبر 2022 کے اواخر سے اسرائیل کی موجودہ دائیں بازو کی حکومت کی سربراہی کر رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت قرار دیا گیا ہے۔

پیج بریک
فٹر ٹائٹل

فٹر ڈسکرپشن

سوشل میڈیا ٹائٹل
موبائل ایپ ٹائٹل

موبائل ایپ ڈسکرپشن

کیٹیگریز
کمپنی میڈیا

Maltepe Mah. Fetih Cad. No:6 34010 Zeytinburnu/İstanbul, Türkiyeiletisim@yenisafak.com+90 212 467 6515

کمپنی میڈیا سائٹس
قانونی انتباہ

قانونی انتباہ کی تفصیلات

© Net Medya، تمام رائٹس ہمارے پاس ہیں۔ 2026