امریکی مڈٹرم الیکشن میں ووٹنگ کا عمل شروع، ٹرمپ کی سیاسی گرفت کمزور ہونے کا خدشہ
10:42, 03/11/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 15:35, 03/11/2026, منگل
ویب ڈیسک

امریکی مڈٹرم الیکشن میں ووٹوں کی گنتی شروع، ٹرمپ کی سیاسی گرفت کمزور ہونے کا خدشہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہنگامہ خیز دوسری صدارت پر امریکی عوام کے فیصلے کے لیے آج مڈ ٹرم الیکشنز ہو رہے ہیں، اور یہ انتخابات امریکہ پر ان کی گرفت کمزور کر سکتے ہیں۔
کیونکہ اس میں ڈیموکریٹس ایوان میں کامیابی اور سینیٹ میں کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔
اگر ریپبلکنز ایوانِ نمائندگان میں اکثریت کھو دیتے ہیں تو ڈیموکریٹس کو ٹرمپ کے قانون سازی کے ایجنڈے میں رکاوٹ ڈالنے اور ان کی انتظامیہ کے خلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کرنے کا اختیار مل جائے گا۔
سینیٹ میں شکست کی صورت میں سپریم کورٹ کے ججوں اور اعلیٰ حکام کی تقرری کی ٹرمپ کی صلاحیت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ انتخابات دراصل ٹرمپ کی صدارت کے بارے میں ملک گیر سطح پر عوامی فیصلے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، زندگی گزارنے کے اخراجات اور ایران کے خلاف جنگ پر عوامی غصے کے باعث ریپبلکنز کے خلاف رائے عامہ میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
ایوان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں کے علاوہ 36 ریاستوں میں گورنر شپ کے لیے بھی مقابلہ ہو رہا ہے۔
جبکہ ڈیموکریٹس کو دونوں ایوانوں پر قبضے کے لیے ایوان میں صرف تین مزید نشستیں اور سینیٹ میں چار نشستوں کے خالص اضافے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ گزشتہ سال اس وعدے کے ساتھ آئے کہ وہ قیمتیں کم کریں گے، لیکن مہنگائی، ٹیرف اور مشرق وسطیٰ کے تنازعے کی وجہ سے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے امریکیوں پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔