پاکستانی شہریوں کے لیے قطر میں 30 دن کا مفت ویزا آن ارائیول، چار شرائط لازمی قرار
12:51, 02/11/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 14:01, 02/11/2026, پیر
ویب ڈیسک

Property Finder Qatar
فائل فوٹوقطر نے کہا ہے کہ ’پاکستانی شہری قطر میں 30 دن تک قیام کے لیے مفت آن ارائیول ویزا حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ قطری وزارت داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ چار شرائط پوری کریں۔‘
قطری وزارت داخلہ کے مطابق یہ ویزا زیادہ سے زیادہ 30 دن کے لیے جاری کیا جائے گا یا سیاح کے ہوٹل ریزرویشن کی مدت کے مطابق اس سے کم عرصے کے لیے بھی ہو سکتا ہے۔
مسافروں کے پاس کم از کم تین ماہ کی میعاد والا پاسپورٹ ہونا چاہیے اور اور انہیں واپسی کا کنفرم ٹکٹ پیش کرنا ہوگا۔
سیاح اپنی رہائش کی بکنگ قطر کے آفیشل ٹورازم پلیٹ فارم 'ڈسکور قطر' کے علاوہ کسی پلیٹ فارم سے نہیں کر سکتے۔ جبکہ کسی دوسری ویب سائٹ یا آن لائن بکنگ سروسز کے ذریعے کی گئی ہوٹل کی بکنگ قبول نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ پاکستانی وزٹرز کے پاس قطر کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ درست ہیلتھ انشورنس ہونا بھی ضروری ہے۔
قطر کی وزارت نے واضح کیا ہے کہ مفت آن ارائیول ویزا حاصل کرنے کے لیے یہ چاروں شرائط پوری کرنی ضروری ہے، تاہم جو مسافر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہتے ہیں انہیں اس سہولت کے تحت داخلے کی ضمانت نہیں دی جاتی۔
ان کے مطابق یہ سہولت قطر کے دیگر فری ویزا سکیموں سے الگ ہے، جبکہ پاکستانی مسافروں کو سفر سے پہلے تازہ ترین شرائط کی تصدیق اور تمام ضروری دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔