کراچی سے کولمبو 2 کروڑ مالیت کی منشیات کی سمگلنگ ناکام ’یہ منشیات تولیوں میں چھپا کر کی جارہی تھیں
14:41, 04/09/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 16:30, 04/09/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AFP
فائل فوٹواینٹی نارکوٹکس فورس 'اے این ایف 'نے کہا ہے کہ پاکستان نے انٹیلی جنس رپورٹس کے ذریعے کراچی سے کولمبو منشیات کی سمگلنگ کرنے والے افغان نیٹورک کو پکڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیٹورک بین الاقوامی سطح پر منشیات کی سمگلنگ کرتا تھا۔ اے این ایف نے بتایا ہے کہ انہوں نے یہ کارروائی امریکی اور سری لنکن خفیہ اداروں کے ساتھ انفارمیشن شیئر کر کے کامیاب بنائی۔
مشترکہ کاروائی کے نتیجے میں کراچی اور کولمبو پورٹ سے مجموعی طور پر 671 کلو منشیات برآمد کی گئی ہے۔ جبکہ اے این ایف کے مطابق ان کی فراہم کردہ معلومات پر کراچی پورٹ سے ایک کنٹینر سے 200 کلو آئس پکڑی گئی ہے۔
اس کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری احسان اللہ اور اس کے مقامی سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اے این ایف نے بتایا کہ افغان ماسٹر مائنڈ سے تفتیش کے بعد اہم معلومات امریکہ کی ’ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن‘ اور سری لنکن حکام کے ساتھ شیئر کی گئیں جس کے نتیجے میں کولمبو پورٹ پر مشترکہ آپریشن کیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق اس آپریشن میں تولیوں میں چھپا کر رکھی گئی 471 کلو آئس برآمد ہوئی جس کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔
سری لنکن پولیس اور کولمبو میں امریکی سفارتخانے نے بھی گزشتہ ماہ ایک مشترکہ کارروائی میں منشیات کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے اور تقریباً نصف ٹن ’کرسٹل میتھامفیٹامائن‘ ضبط کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نیٹ ورک سے منسلک 2 پاکستانی شہری گرفتار کیے گئے ہیں۔
اے این ایف نے اس کامیابی کو جدید انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی اور بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔
