تائیوان: سمندری طوفان چمپی سے نظامِ زندگی مفلوج، ایک ہزار پروازیں منسوخ
14:58, 23/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 16:24, 23/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AFP
تائیوان میں سمندری طوفان چمپی کی آمد سے تقریباً پورے جزیرے میں نظامِ زندگی معطل کر دیا گیاتائیوان میں سمندری طوفان چمپی کے باعث پورے جزیرے کا نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کے خدشے کے باعث تقریباً ایک ہزار پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
تائیوان کے مرکزی محکمہ موسمیات کے مطابق سپر ٹائفون کی شدت اختیار کرنے والا سمندری طوفان چمپی اسی سال بحرالکاہل کے طاقتور ترین طوفانوں میں شمار ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ طوفان 191 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے سفر کرتا ہے۔
طوفان کے باعث تائیوان میں ایک شخص ہلاک اور 171 زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ حکومت کے مطابق پہاڑی علاقوں سے 2 ہزار 639 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی تائی پاور کے مطابق 77 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی تھی، تاہم بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے پیش گوئی کرنے والے ماہر لیو پی ٹینگ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اگر طوفان تائیوان کے قریب پہنچ کر رک گیا۔ اپنے راستے پر چکر لگانے لگا یا دائیں بائیں رخ بدلتا رہا تو اس کے جزیرے سے براہِ راست ٹکرانے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
ساحلی قصبوں کے رہائشیوں کو موبائل فون کے ذریعے وارنگ جاری کی جا رہی ہے۔ جن میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کے ہواؤں سے خبردار کرتے ہوئے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
شمال مشرقی کاؤنٹی ییلان میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کی شدت بڑھنے کے باعث حکام نے ریت سے بھرے تھیلے تقسیم کیے۔ جبکہ پانی اور خشکی دونوں پر چلنے والی گاڑیاں اور امدادی کشتیاں تیار رکھی گئیں۔
شہر کیلونگ میں کشتیوں کے مالکان اپنی کشتیوں کو محفوظ بنانے میں مصروف رہے۔ 18 سالہ تعمیراتی کارکن لیو یو این نے کہا کہ صورتحال فی الحال زیادہ سنگین نہیں۔
تائیوان کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کا دائرۂ اثر تقریباً 320 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ ماہرینِ موسمیات نے کہا ہے کہ ’طوفان کے اثرات تقریباً دو روز تک برقرار رہ سکتے ہیں۔‘
طوفان کے باعث تائیوان کی متعدد مارکیٹس جمعے کو بند رہیں، جبکہ تائیوان کے زیرِ انتظام جزائر کنمن میں تعلیمی ادارے اور دفاتر معمول کے مطابق کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق جمعے کے لیے تمام 262 اندرونِ ملک پروازیں اور 717 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، تاہم شمال سے جنوب جانے والی ٹرین سروس معمول کے مطابق چلتی رہی۔
دارالحکومت تائی پے میں وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہوتی رہیں، تاہم میٹرو سمیت عوامی سہولیات محدود سروس کے ساتھ جاری ہیں۔
پیش گوئی کے مطابق چمپی سب سے پہلے جاپان کے صوبے اوکیناوا کے مغربی حصے میں واقع جزیرے یوناگونی کے قریب سے گزرے گا۔