مالدیپ کے صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا دورہ، اہم معاہدوں پر دستخط متوقع
15:26, 20/10/2026, منگل
ویب ڈیسک

AFP
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچ گئے۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچ گئے۔
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہونے والا یہ دورہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 1966 میں قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے اس دورے میں صدر معیزو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ جبکہ صدر مملکت ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے-
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر معیزو دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان-مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
مالدیپ کی وزارت خارجہ کے مطابق اس دوران وزیر خارجہ ارُتشام آدم کی قیادت میں وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک وفد صدر معیزو کی آمد سے قبل ہی اسلام آباد پہنچ چکا تھا
واضح رہے کہ اس سے قبل مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین عبد القیوم نے مئی 2015 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔