ترک پارلیمنٹ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی
11:11, 06/11/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 12:22, 06/11/2026, جمعہ
ایجنسی

AA
ترک پارلیمنٹ نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی۔ترکیہ کی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کی توثیق کا بل منظور کر لیا ہے۔
جس سے تینوں ممالک کے درمیان تاریخی سہ فریقی سیکیورٹی معاہدے کے نفاذ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پارلیمنٹ کے 592 ارکان میں سے 398 نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ بل کے حق میں 279 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 119 ارکان نے مخالفت کی۔
اس بل کا باضابطہ نام جمہوریہ ترکیہ، اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کی منظوری کا بل' ہے۔
یہ بل جماعتوں کے درمیان طویل بحث و مباحثےکے بعد منظور کر لیا گیا ہے۔
بحث کے دوران حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ (اے کے پارٹی) کے رکن پارلیمنٹ ضیا آلتون یلدز نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد خطے میں سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے اور اس کا بنیادی مقصد تنازعات کو روکنا ہے، نہ کہ انہیں بڑھانا۔
دوسری جانب اپوزیشن کے ارکان نے معاہدے کے دائرہ کار اور پارلیمانی نگرانی پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ریپبلکن پیپلز پارٹی (سی ایچ پی) کے رکن محمد گوزیل منصور نے کہا کہ 'واضح اصولوں کی ضرورت ہے تاکہ یہ معاہدہ ترکیہ کی دیگر بین الاقوامی ذمہ داریوں سے متضاد نہ ہو۔'
واضح رہے کہ تینوں ممالک نے 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں سہ فریقی سربراہی اجلاس میں اس معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں اجتماعی سلامتی مضبوط بنانے، دفاعی تعاون گہرا کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا گیا تھا۔