پاکستان میں 10 روپے کا نوٹ ختم، سکہ متعارف کرانے کی منظوری
12:25, 05/11/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 12:31, 05/11/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

Yenisafak Urdu
پاکستان نے وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ جاری کرنے اور کرنسی کے نئے ڈیزائنوں کی منظوری دے دی۔
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے بدھ کے روز 10 روپے کے کرنسی نوٹوں کی جگہ سکہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کے علاوہ جدید سیکیورٹی فیچرز اور بہتر پائیدار کے ساتھ نئے ڈیزائن والے بینک نوٹ بھی متعارف کرانے کی منظوری دی ہے۔
یہ فیصلہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے، جس میں کویت کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی کے ڈیزائنوں کی منظوری دی۔
پاکستان بھر سے آرٹسٹس اور ڈیزائنرز کو نئے بینک نوٹوں کے لیے تجاویز دینے کی دعوت دی گئی تھی۔
جس کے بعد پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد ڈیزائنز کو حتمی شکل دی۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف صارفین کے تبصرے سامنے آئے ہیں، جن میں ایک صارف شاہزیب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ 'اب 10 روپے بقایا بچنے پر پیسوں کی بجائے ٹافی ملا کرے گی، اور یہ ایک نیا ظلم ہونے جا رہا ہے۔'
ایک صارف عامر شیخ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ' پہلے ایک پیسہ دو پیسہ ختم ہوئے پھر پانچ اور دس پیسہ بھی ختم ہوا اس کے بعد 25 اور 50 پیسوں کا نمبر لگا اس کے بعد ایک روپیہ دو روپیہ مارکیٹ سے غائب اور اب پانچ روپیہ بھی کم کم ہی نظر آتا ہے اور حکومت دس روپیہ کا بھی خاتمہ کرنے کا سوچ رہی ہے۔'
ایکس پر ایک اور صارف کاشف اعوان نے لکھا کہ 'جب دس روپے کا نوٹ گھر میں گیارہ روپے کا پڑتا ہو تو بند کرنا ہی مناسب ہے۔'
واضح رہے کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جدید حفاظتی خصوصیات شامل کی جائیں گی جن کا مقصد جعلی سازی کو روکنا ہے، جبکہ ان کو مزید پائیدار بنانے کے لیے بہتر مواد استعمال بھی کیا جائے گا۔
کابینہ نے موجودہ 10 روپے کے نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی منظوری دی، تاہم حکومت نے پرانے نوٹوں کی واپسی یا نئے ڈیزائن والے کرنسی کے متعارف کرنے کے حوالے سے کوئی ٹائم ٹیبل جاری نہیں کیا۔