پاکستان: ہزارہ موٹروے پر مسافر بس اور ڈمپر میں تصادم، 8 افراد ہلاک، 30 زخمی
10:04, 06/11/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 12:24, 06/11/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

X
ہزارہ موٹر وے پر مسافر بس اور ڈمپر میں تصادمپاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب آج صبح مسافر بس اور ڈمپر ٹرک میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔
ریکسیو 1122 نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ 'بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی۔'
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، جس سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈمپر سے ٹکرا گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے سات ایمبولینسز اور ایک ریسکیو گاڑی موقع پر پہنچ گئیں۔
ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمان کی قیادت میں ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
ہلاک ہونے والے آٹھ افراد کا تعلق گلگت سے تھا، ان کی لاشیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کی گئیں۔
ایک لاش ٹائپ ڈی اسپتال حویلیاں، چار ایوب میڈیکل کمپلیکس اور تین ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ایبٹ آباد منتقل کی گئیں۔
ریسکیو حکام نے بیان میں مزید کہا کہ 'زخمی ہونے والے تمام 30 مسافروں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جن میں پانچ بچے اور چھ خواتین بھی شامل ہیں، جن میں سے چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔'
واضح رہے کہ ایک روز قبل پاکپتن کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں 11 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں مسافر بس نالے میں گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے تھے۔