افغان طالبان غلط فہمی میں نہ رہیں، پاکستان اپنے لوگوں پر حملے برداشت نہیں کرے گا: فیصل کریم کنڈی
10:42, 28/10/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 16:54, 28/10/2026, بدھ
ویب ڈیسک

AFP
انگور اڈہ سرحد، جنوبی وزیرستان۔ فائل فوٹو
پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ ’پاکستان کی سرحد انگور اڈہ کے قریب علاقے وزیرستان میں شہریوں کے گھروں اور بازاروں میں افغان طالبان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔‘
جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈپٹی کمشنر مسرت زمان نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کی فائرنگ کا موثر اور بھر پور انداز میں جواب دیا ہے۔‘
افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے تبصرے پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا ۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغان طالبان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مسائل سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایلس پر ایک بیان میں افغان طالبان کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے رہائشی علاقے پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج نے اس کا فوری اور بھرپور جواب دیا ہے۔‘
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ ’افغان طالبان کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں، پاکستان اپنے لوگوں اور سالمیت کے خلاف حملے برداشت نہیں کرے گا‘
انہوں نے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوجی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، کیونکہ پاکستان کا الزام ہے کہ ’افغانستان سرحد پار حملے کرنے والے عسکریت پسندوں کو پناہ دے رہا ہے۔‘
جبکہ افغان طالبان نے اس الزام کی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عسکریت پسندی پاکستان کا اندورنی مسئلہ ہے۔‘
واضح رہے کہ دونوں مسلم ممالک میں تنازعے کے دوران اس سال سینکڑوں لوگ مارے گئے ہیں۔