مڈل ایسٹ میں جنگ کے دوران 520 روپے تک پہنچنے کے بعد قیمتوں میں کمی، پاکستان میں پٹرول 352 روپے لیٹر
10:28, 06/11/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 10:30, 06/11/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

تصویر: اے ایف پی
مڈل ایسٹ میں جاری جنگ کے دوران 520 روپے تک پہنچنے کے بعد قیمتوں میں کمی، پاکستان میں پٹرول 352 روپے لیٹر
حکومت نے جمعرات کو پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کر دی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی بار کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ 6 نومبر سے ہوگا۔ جس کے بعد پٹرول 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت پٹرول پر فی لیٹر 114 روپے جبکہ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔
حکومت کے مطابق پیر کو اعلان کردہ 30 روزہ انتظام کے تحت آئل ریفائنریز مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا مالی بوجھ برداشت کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی میں حصہ ڈالیں گی۔ اس انتظام کے نتیجے میں صارفین کے لیے پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی ممکن ہوئی ہے۔
منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہا ایل پی جی کے لیے بھی اسی نوعیت کا نظام متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔
جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا
ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 3 اپریل کو ریکارڈ کی گئی 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح سے کم ہو چکی ہے۔ 28 فروری کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد اس کی قیمت 281 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی تھی۔
پٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر حکومت نے کفایت شعاری کے متعدد اقدامات دوبارہ نافذ کر دیے ہیں۔ ان اقدامات کے تحت بازاروں کو رات 9 بجے تک بند کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، آٹو رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کی غرض سے ایک ریلیف اسکیم کا اعلان بھی کیا تھا۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیرِ پٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ خلیج فارس میں ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث اب ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جائے گا۔