امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کا افغان شہریوں کی ملک بدری کا منصوبہ روک دیا
15:10, 05/11/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 15:10, 05/11/2026, جمعرات
ایجنسی

Ayala buisness law
امریکا کی وفاقی عدالت۔ فائل فوٹو
امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے منگل کو ٹرمپ انتظامیہ کے افغان تارکین وطن کو واپس بھیجنے کے منصوبے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے خبردار کیا تھا کہ اس اقدام سے ان کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
نیویارک کے جنوبی ضلع کی امریکی ضلعی عدالت کی جج ویلیری کیپرونی نے فیصلہ دیا کہ ’امریکا اس ہفتے کسی بھی افغان شہری کو افغانستان یا پاکستان نہیں بھیج سکتا۔‘
عدالتی دستاویزات کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرسٹوفر جارج نے عدالت کو بتایا کہ اس ہفتے امریکا میں مقیم افغان شہریوں کو افغانستان یا پاکستان بھیجنے کے لیے کسی چارٹرڈ یا تجارتی پرواز کا منصوبہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکی ذرائع نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا تھا کہ 'صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ امیگریشن پالیسی کے تحت امریکا میں مقیم 150 سے زائد افغان شہریوں کو پاکستان کے راستے افغانستان بھیجا جانا تھا۔ افغانوں کی مدد کے لیے کام کرنے والی تنظیم افغان ایویک کے مطابق اس گروپ میں ایسے افغان شہریوں کے رشتہ دار بھی شامل تھے جنہوں نے کابل پر طالبان کے قبضے سے قبل افغانستان میں امریکی فوج کی معاونت کی تھی۔'
منگل کے عدالتی فیصلے کے بعد افغان ایویک کے صدر شان وان ڈائیور نے ایک بیان میں کہا ’ایک ہفتہ پہلے ایک طیارہ موجود تھا، لیکن آج حکومت نے وفاقی جج کو بتایا کہ ایسا کوئی طیارہ نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ اتفاقاً نہیں ہوا۔ سابق فوجیوں، حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد، کانگریس کے 66 ارکان اور ہزاروں امریکی شہریوں نے اس پرواز کو روکنے میں کردار ادا کیا۔‘