بم کی دھمکی کے بعد آئرلینڈ میں کئی میڈیا ادارے خالی کرا لیے گئے: سرکاری میڈیا
15:15, 06/11/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 15:17, 06/11/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

آر ٹی ای
آئرلینڈ میں بم کی دھمکی کے بعد کئی میڈیا اداروں کو خالی کرا لیا گیا۔
آئرلینڈ میں جمعےکے روز ای میل کے ذریعے بھیجی گئی بم کی دھمکی کے بعد کئی میڈیا اداروں کو خالی کرا لیا گیا۔
یہ دھمکی نشریاتی اداروں اور خبر رساں اداروں کو ای میل کے ذریعے بھیجی گئی، ان نشریاتی اداروں میں آئرلینڈ کا قومی سرکاری نشریاتی ادارہ 'آر ٹی ای' بھی شامل ہے۔
آر ٹی ای کے مطابق یہ خطرے کی گھنٹی اس وقت بجی جب آر ٹی ای اور آئرلینڈ و برطانیہ بھر میں متعدد دیگر میڈیا اداروں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی۔

جس کے بعد ڈبلن میں آئرش پولیس نے واقعے کا فوری رد عمل دیا اور آر ٹی ای کے ڈونی بروک کیمپس سے پریزنٹرز اور عملے کو باہر نکال لیا گیا۔
جبکہ پولیس افسران نے کھوجی کتوں کی مدد سے عمارتوں کی تلاشی لی۔
احتیاطی تدبیر کے طور پر آر ٹی ای نے پہلے سے ریکارڈ شدہ پروگرام نشر کرنا شروع کر دیے، جبکہ ریڈیو 1 کا پروگرام 'ٹوڈے' ادارے کی نشریاتی گاڑی سے نشر کیا جارہا تھا۔
نشریاتی ادارے نے مزید کہا کہ پولیس سے مشاورت کے بعد جلد از جلد معمول کی خدمات بحال کر دی جائیں گی۔