بیلجیئم: یونیورسٹی کی فیس میں اضافے کے خلاف طلبہ کا احتجاج، یونیورسٹی کیمپس جزوی طور پر بند
14:59, 23/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 14:59, 23/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

بیلجیئم: یونیورسٹی کی فیس میں اضافے کے خلاف طلبہ کا احتجاج، یونیورسٹی کیمپس جزوی طور پر بند
بیلجیئم میں طلبہ نے ٹیوشن فیس میں اضافے کے خلاف جمعرات کو یونیورسٹی لبرے ڈی بروکسل (یو ایل بی) کے کیمپس کے بعض حصوں کو جزوی طور پر بند کر دیا۔
بیلجئیم کے ایک اخبار کے مطابق احتجاج کا آغاز صبح ’جنریشن زی کاؤنٹر اٹیک‘ نامی اتحاد کی اپیل پر ہوا۔ جس میں طلبہ، طلبہ تنظیمیں، محققین، اساتذہ اور یونیورسٹی کا عملہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیمپس میں طلبہ کی آمدورفت جاری رہی، تاہم بعض عمارتوں تک رسائی روک دی گئی۔
احتجاج کرنے والے طلبہ نے سالانہ ٹیوشن فیس میں 43 فیصد اضافے کی مخالفت کی۔ اخبار کے مطابق والونیا برسلز فیڈریشن کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس اضافے سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے 58 فیصد طلبہ متاثر ہوں گے۔
احتجاجی اتحاد نے تعلیمی نظام سے متعلق اصلاحات، سکولوں کے لیے کم ہوتی مالی معاونت، ٹرانسپورٹ کے بڑھتے اخراجات اور مظاہروں میں شریک نوجوانوں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں پر بھی اعتراض کیا۔
اتحاد نے یونیورسٹی انتظامیہ سے جمعرات کو کلاسیں منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم ان کی یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔ اس نے یونیورسٹی سے صفائی سمیت مختلف خدمات بیرونی کمپنیوں کے سپرد کرنے کا عمل ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔