'کہو کیا خیال ہے' اور 'پیمونا' جیسے مشہور گانوں کو اپنی سریلی آواز دینے والی گلوکارہ ہانیہ اسلم انتقال کر گئیں
11:04, 12/08/2024, پیرا: اپ ڈیٹ: 15:45, 12/08/2024, پیر

فیس بک
ہانیہ اسلم ’بی بی صنم جانم انارِ سیستانم‘، ’کہو کیا خیال ہے‘، ’پیمونا‘ جیسے مشہور گانوں کے بول لکھنے والی اور اسے اپنی سریلی آواز میں گنگنانے والی مشہور گلوکارہ ہانیہ اسلم انتقال کرگئیں۔
پاکستان میوزک انڈسٹری میں چھوٹی عمر سے ہی جلد اپنا نام بنانے والی ہانیہ اسلم 11 اگست کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ ان کی نماز جنازہ آج اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔
یہ افسوس ناک خبر ان کی کزن اور ساتھی گلوکارہ زیب بنگش نے انسٹاگرام اکاوٴنٹ کے ذریعے دی۔
ہانیہ اسلم کے انتقال کی خبر پر پاکستان میوزک اور ڈرامہ انڈسٹری کی نامور شخصیات نے تعزیتی پیغامات لکھے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فلم ساز مہرین جبار نے انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا کہ ’ہانیہ اسلم نے کئی گانے پروڈیوس کیے، بہت سے گانے گنگنائے،’زہب اینڈ ہانیہ‘ بینڈ نے کئی لوگوں کو خوشیاں دیں، انہوں نے کئی پروجیکٹ میں کام کیا جن میں دام، لالہ بیگم، دوبارہ پھر سے، ایک جھوٹی لوو اسٹوری، فرار اور میرا پسندیدہ گانا ’آئی رے‘ بھی شامل ہے۔ وہ ایک نرم مزاج، کھلے ذہن اور محبت کرنے والی شخصیت تھیں۔‘
مہرین جبار کی پوسٹ پر بولی وڈ کی مقبول گلوکارہ ریکھا بھاردواج نے بھی کمنٹ کیا اور ہانیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا 'مجھے یاد ہے جب میری ان سے لاہور میں ملاقات ہوئی، ان کی انرجی قابلِ تعریف تھی، خدا ان کے چاہنے والوں کو صبر دے'۔

ہانیہ اسلم پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2001 میں زیب بنگش کے ساتھ گانا ’چپ‘ تیار کیا جسے دونوں نے گنگنایا اور اس کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچی۔
ہانیہ اسلم اور زیب بنگش نے ’زیب اور ہانیہ‘ کے نام سے 2007 میں ایک بینڈ بھی شروع کیا۔ دونوں نے پاکستان کے کوک اسٹوڈیو پر ’چل دیئے‘ سے بہت زیادہ شہرت حاصل کی۔ زیب اور ہانیہ کی اس جوڑی نے پشتو، اردو اور ترکیہ بھی گانے گنگنائے جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے سے حاصل کی۔2014 میں ہانیہ اسلم نے بینڈ چھوڑ کر کینیڈا جانے کا فیصلہ کیا، جہاں انہوں نے آڈیو انجینئرنگ ڈپلومہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی انہوں نے کمپوزیشن اور گٹار بجا کر فینز کے دل جیتے۔
بعدازاں وہ کچھ عرصے بعد ہی پاکستان واپس آگئیں جہاں انہوں نے اپنا میوزیکل کیریئر دوبارہ شروع کیا، اور 'آئے رے' ریلیز کرکے دوبارہ شہرت حاصل کی۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔