روس کا یوکرینی دارالحکومت کیف پر ڈرونز اور میزائلوں سے بڑا حملہ، 17 افراد ہلاک اور 90 کے قریب زخمی

روس نے بدھ کی رات یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ڈرونز اور میزائلوں سے بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں جن میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ یوکرین کی جانب سے روسی تنصیبات پر حملوں کی جوابی کارروائی میں کیا گیا۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں اب تک 17 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاع ہے جب کہ 90 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں بچے اور ایمبولنس کا عملہ بھی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے اب بھی کافی لوگ پھنسے ہیں جس کی وجہ سے اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی اپنا آئرلینڈ کا دورہ مختصر کر کے اپنے ملک واپس پہنچ گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کیف کے مرکزی علاقے میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جب کہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ کیف میں رات بھر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
کیف کے میئر نے شہریوں سے پناہ گاہوں میں رہنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس نے جان بوجھ کر آباد علاقوں پر حملے کیے ہیں۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔