جنوبی کوریا: بی ٹی ایس اسٹار کے گھر کی گھنٹی 133 مرتبہ بجانے والی خاتون کو ملک بدر کرنے پر غور

جنوبی کوریا کے معروف میوزک بینڈ 'بی ٹی ایس' کے اسٹار جنگ کوک کے گھر کی گھنٹی بار بار بجانے والی خاتون کو قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ برازیلین خاتون کو یہ سزا جنگ کوک کے کھر سے دور رہنے کی متعدد ہدایات کے باوجود بار بار ان کے گھر جانے کے الزام پر سنائی گئی ہے۔
اس خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ تاہم تفصیلات میں یہ بتایا گیا ہے کہ پہلی بار یہ خاتون گزشتہ سال دسمبر میں جنگ کوک کے گھر کے باہر پہنچی تھیں اور ان کا پیچھا کر رہی تھیں۔
خاتون نے کورین اسٹار کے گھر کے باہر منڈلاتی رہیں، ان کے دروازے کے نیچے اور دیوار سے خطوط، تصاویر اور دیگر اشیا اندر پھینکیں رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسٹار کی محبت میں ایسا کر رہی ہیں۔ ایک مرتبہ اس خاتون نے جنگ کوک کے گھر کی 133 بار گھنٹی بھی بجائی۔
انہیں 13 دسمبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایک فوڈ ڈیلیوری ورکر کا پیچھا کرتے ہوئے جنگ کوک کی رہائش گاہ میں چھپ کر داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔ تاہم اگلے ہی روز انہیں اس تنبیہ کے ساتھ رہا کردیا گیا تھا کہ وہ دوبارہ اس گھر کے قریب نہ آئیں لیکن انہوں نے اس ہدایت کو نظر انداز کر دیا۔
اس کے بعد بھی وہ چند ہفتوں تک وہاں جاتی رہیں جس پر پولیس نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ان کے اس رہائش گاہ کے 100 میٹر کے دائرے میں آنے پر پابندی لگا دی۔
تاہم جنگ کوک کے گھر کے مسلسل چکر لگانے پر پولیس نے بالآخر فروری میں خاتون کا مقدمہ پراسیکیوٹرز کے حوالے کر دیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ خاتون مجموعی طور پر تقریباً 22 مرتبہ جنگ کوک کی رہائش گاہ پر گئیں۔
عدالت نے اس حرکت کو 'انتہائی درجے کی جنونیت اور غیر معمولی وابستگی' کا مظاہرہ قرار دیا ہے۔ دارالحکومت سول کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے اس پر خاتون کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔
تاہم ان کی یہ سزا فی الحال دو سال تک معطل رہے گی۔ یعنی اگر وہ اس عرصے میں کوئی اور جرم نہیں کرتیں تو انہیں اس عرصے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ لیکن اگر خاتون کی فیصلے کے خلاف اپیل مسترد ہوتی ہے تو انہیں ممکنہ طور پر جنوبی کوریا سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔