امریکہ - ایران مذاکرات: سوئٹزرلینڈ میں میں کیا پیش رفت ہوئی اور اعلامیے میں کیا کہا گیا ہے؟

10:36, 22/06/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 10:37, 22/06/2026, پیر
امریکہ - ایران مذاکرات: سوئٹزرلینڈ میں میں کیا پیش رفت ہوئی اور اعلامیے میں کیا کہا گیا ہے؟
AFP
ایرانی وفد کی آمد کا منظر

امریکہ اور ایران کے درمیان حتمی معاہدے پر پہنچنے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کا پہلا دور سوئٹزرلینڈ میں اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔

بات چیت کا عمل سوئٹزرلینڈ کے شہر لوسرن میں واقع برگن اسٹاک ریزورٹ میں اتوار کو شروع ہوا تھا جو پیر کی صبح تک جاری رہا۔ پاکستان اور قطر کی جانب سے بطور ثالث ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں اب تک ہونے والی پیش رفت کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران نے حتمی معاہدے پر پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے جب کہ تیکنیکی مذاکرات برگن اسٹاک میں پورے ہفتے جاری رہیں گے۔

اعلامیے میں درج ہے کہ بات چیت ایک مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی جب کہ مزید تکنیکی مذاکرات کے لیے ایک طریقہ کار کے قیام سمیت حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔ فریقین نے مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے جو ثالثی کے عمل کے لیے سیاسی نگرانی فراہم کرے گی۔

'مرکزی مذاکرات کار باقاعدگی سے اس اعلیٰ سطحی کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے اور جوہری امور، پابندیوں اور مفاہمتی یادداشت کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور تنازعات کے حل سے متعلق ورکنگ گروپس کی قیادت کریں گے اور دیگر امور پر بھی کام کریں گے۔'

اعلامیے کے مطابق ’اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے جو مزید تیکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کی بنیاد فراہم کرے گا۔'

اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے لبنان میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک طریقہ کار پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے فریقین کے درمیان ایک مواصلاتی رابطہ بھی قائم کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مذاکرات میں ایک ڈی کنفلیکشن سیل (تنازع کم کرنے والا سیل) بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے، یہ سیل فریقین کے درمیان، لبنان کے ساتھ اور ثالثوں کی معاونت سے قائم کیا جائے گا تاکہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق لبنان میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

عباس عراقچی نے کیا کہا؟

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ 'پاکستان اور قطر کی ان تھک سفارتی کوششوں کے نتیجے میں لبنان جنگ کے خاتمے کی جانب نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔'

ایکس پر جاری اپنے بیان میں عراقچی کا کہنا تھا کہ 'اس پیش رفت کے تحت تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی دی گئی ہے، ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے، منجمد اثاثوں کا ایک حصہ جاری کر دیا گیا ہے جب کہ ایران کے لیے ایک بڑے تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبے کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔'

انہوں نے مزید کہا کہ 'اس عمل کا پہلا حقیقی امتحان لبنان میں قائم کیے جانے والے ’ڈی کنفلیکشن سیل‘ کی کارکردگی کا ہوگا۔'

امریکہ کی جانب سے مذاکرات کے خاتمے کے بعد فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مذاکرات سے پہلے کیا ہوا؟

اتوار کو باضابطہ مذاکرات شروع ہونے سے کچھ ہی دیر پہلے امریکی ٹی وی 'فاکس نیوز' نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے ایرانی حکام سے کہا ہے کہ 'اگر تم نے دوبارہ آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی تو تمہارا ملک نہیں بچے گا۔' فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے اپنی دھمکی بھی دہرائی کہ امریکہ اس آبی گزرگاہ کا کنٹرول سنبھال لے گا اور ممکنہ طور پر وہاں سے گزرنے پر اپنا ٹول ٹیکس بھی عائد کرے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے مفاہمتی یادداشت پر اس لیے اتفاق کیا تاکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی بلند قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والے عالمی معاشی بحران کو روکا جا سکے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے کہا کہ جب ٹرمپ کی دھمکیاں منظر عام پر آئیں تو ایرانی وفد نے مذاکراتی کمرے میں واپس جانے سے انکار کر دیا۔ اگرچہ پاکستانی اور قطری ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری رہا۔

تسنیم نے ذریعے کے حوالے سے کہا کہ ایرانیوں نے واضح کیا کہ جوہری معاملات پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے دیگر حصوں پر عمل درآمد ضروری ہے جن میں منجمد اثاثوں کی رہائی اور ایرانی تیل کی برآمدات کی اجازت دینے کے لیے امریکی چھوٹ شامل ہے۔

جب کہ مذاکرات میں شامل ایک امریکی سفارت کار نے رائٹرز سے گفتگو میں اس واقعے کو بالکل مختلف انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 'ایرانی کبھی نہیں گئے اور اب بھی یہاں موجود ہیں۔ رات گئے تک ملاقاتیں اور مذاکرات جاری رہے۔ ہم نے آبنائے ہرمز، لبنان، جوہری معاملات اور مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کی تفصیلات سمیت دیگر موضوعات پر بات کی۔'

سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بات چیت میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے لبنان میں تشدد کے اثرات کو کم اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ وہاں دشمنی ختم کرنے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات ہمیشہ کچھ نہ کچھ پیچیدہ ہوتے ہیں۔

تبصرے
Avatar

ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔

پیج بریک
فٹر ٹائٹل

فٹر ڈسکرپشن

سوشل میڈیا ٹائٹل
موبائل ایپ ٹائٹل

موبائل ایپ ڈسکرپشن

کیٹیگریز
کمپنی میڈیا

Maltepe Mah. Fetih Cad. No:6 34010 Zeytinburnu/İstanbul, Türkiyeiletisim@yenisafak.com+90 212 467 6515

کمپنی میڈیا سائٹس
قانونی انتباہ

قانونی انتباہ کی تفصیلات

© Net Medya، تمام رائٹس ہمارے پاس ہیں۔ 2026