ترکیہ میں نئے سال کا آغاز فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے ساتھ، استنبول کے گلاٹا برج پر لاکھوں افراد کا مجمع
13:21, 01/01/2026, جمعرات

ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول میں نئے سال کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے ایک بڑا اجتماع ہوا۔ جمعرات کی صبح پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ استنبول کے مشرور گلاٹا پل پر جمع ہوئے اور فلسطین کے حق میں مارچ کیا۔






اس مارچ میں سول سوسائٹی کی 400 سے زیادہ تنظیمیں بھی حصہ لے رہی تھیں۔ مارچ کے شرکا فلسطین میں نسل کشی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مارچ میں شرکت کے لیے لوگ فجر کی نماز سے پہلے ہی مختلف مساجد کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ آیا صوفیہ جامع مسجد، سلطان احمت مسجد، فاتح اور سلیمانیہ مسجد کے باہر لوگوں کا رش نظر آیا۔ شرکا نے ترکیہ اور فلسطین کے پرچم تھامے ہوئے تھے۔
مارچ میں عالمی شہرت یافتہ فن کاروں اور موسیقاروں نے بھی شرکت کی جن میں لبنانی نژاد سویڈش گلوکار ماہر زین، ترک فن کار عصت قبقلی اور بینڈ گروپ یورویش شامل تھے۔
استنبول میں سرد موسم کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد مارچ میں شریک ہوئی۔ نمازِ فجر کے بعد شرکا تمام مساجد سے گلاٹا پل کی طرف روانہ ہوئے۔ مارچ میں وزرا، اعلیٰ حکام اور کئی اعلیٰ سرکاری شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔