جنوبی افریقہ: ہاؤس پارٹی پر فائرنگ سے 11 افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے
14:26, 23/09/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 18:15, 23/09/2026, بدھ
ویب ڈیسک

ڈربن ۔جنوبی افریقہ
جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن کے جنوب میں واقع ٹاؤن شپ میں منگل کی رات تین مسلح افراد نےگھر میں منعقدہ تقریب میں شریک مہمانوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
جبکہ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر گینگ سے منسلک ہو سکتا ہے۔
جنوبی افریکی پولیس نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ صوبہ کوازولو ناٹال کے ٹاؤن شپ میں ہونے والی پارٹی میں خواتین سمیت 14 لوگ موجود تھے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ’اس خاتون سمیت دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور چار کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک اور زخمی دم توڑگیا‘۔
’حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ’حریف گروپوں کے درمیان دشمنی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔‘
پولیس نے تینوں مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ’متاثرین میں سے کچھ افراد غیر قانونی سرگرمیوں کے سلسلے میں کرائم انٹیلیجنس کی نظر میں تھے‘۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے، جہاں روزانہ اوسطاً 60 قتل کیے جاتے ہیں۔ نومبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل پرتشدد جرائم ووٹرز کے لیے ایک اہم تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔