الجزائر کا متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان
16:38, 10/09/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 17:40, 10/09/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

رائٹرز
فائل فوٹونارتھ افریقی ملک الجزائر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے تمام راستے بند ہو چکے ہیں۔
الجزائر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’الجزائر پریس سروس‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وزارتِ خارجہ نے کہا کہ الجزائر نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز اقدامات کے باعث اب مزید تعلقات ممکن نہیں رہے۔
الجزائر نے کہا ہے کہ ’اس نے ریاستوں کے درمیان تعلقات کے اصولوں کا مکمل احترام کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو بارہا متوجہ کیا اور خبردار کیا کہ اس کے افسوسناک اور بلاجواز اقدامات سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان بار بار کی تنبیہ کے باوجود متحدہ عرب امارات نے اپنے اقدامات جاری رکھے۔ یہ اقدامات اس حد تک پہنچ گئے کہ اب انہیں دو خودمختار ریاستوں کے تعلقات میں قابلِ قبول نہیں سمجھا جا سکتا تھا اور نہ ہی انہیں بغیر کسی رد عمل چھوڑا جا سکتا تھا۔‘
وزارت نے کہا کہ ’دوطرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے کی تمام راستے آزمانے کے بعد الجزائر کی حکومت نے آج متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں مزید بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات کے سفیر کو آج الجزائر میں وزارت خارجہ میں طلب کر کے اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہیں اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔‘
جبکہ الجزائر کے اس فیصلے پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔