ورلڈ کانٹیکسٹ اور ملٹی نیٹ پاکستان کے درمیان شراکت داری، جدید کمپیوٹر وژن ماڈلز کو فروغ دینے کا اعلان
14:52, 19/08/2026, بدھ

پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبے میں اہم پیش رفت
پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جہاں ورلڈ کانٹیکسٹ اور ملٹی نیٹ پاکستان نے جدید کمپیوٹر وژن ماڈلز کے لیے مقامی ڈیٹا انفراسٹرکچر کی فراہمی کے مقصد سے اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔
ورلڈ کانٹیکسٹ ایک ایسا اسٹارٹ اپ ہے جو پاکستان کی مقامی صنعتوں اور فیکٹریوں سے حاصل ہونے والے حقیقی بصری ڈیٹا کو امریکی روبوٹکس انڈسٹری تک پہنچانے کے لیے ڈیٹا سپلائی چین تیار کر رہا ہے۔ جبکہ ملٹی نیٹ پاکستان اس منصوبے کو محفوظ کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹرز اور انٹرپرائز گریڈ انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔
ورلڈ کانٹیکسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر دل علی خان نے کہا کہ کمپنی پاکستان کی روایتی صنعتوں اور انفراسٹرکچر پر مبنی ایک جامع فزیکل ڈیٹا لیئر تشکیل دے رہی ہے، جس کا مقصد ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا کمپیوٹر وژن ڈیٹا سیٹ تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے ڈیٹا کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنا اور منتقل کرنا انتہائی اہم ہے، کیونکہ امریکا اور دیگر ممالک میں جدید مصنوعی ذہانت اور سپر انٹیلی جنس لیبارٹریز ڈیٹا سپلائی چین میں سخت معیارات کی پابندی کرتی ہیں۔
شیر دل علی خان کے مطابق ملٹی نیٹ پاکستان کی مضبوط نیٹ ورکنگ اور انفراسٹرکچر صلاحیتیں ورلڈ کانٹیکسٹ کے لیے قدرتی انتخاب ہیں، اور کمپنی مقامی صنعتوں کی میپنگ اور سینسرز کی تنصیب کے دوران ملٹی نیٹ کی بینڈوڈتھ اور نیٹ ورک سہولیات سے فائدہ اٹھائے گی۔
دوسری جانب ملٹی نیٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدنان زیدی نے کہا کہ مستقبل کے نظام اعلیٰ معیار کے ڈیٹا، مضبوط انفراسٹرکچر اور محفوظ انداز میں ڈیٹا کی منتقلی کی صلاحیت پر منحصر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کانٹیکسٹ کے ساتھ شراکت داری پاکستان کو عالمی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس ویلیو چین سے جوڑنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق ملٹی نیٹ کا کردار صرف کنیکٹیویٹی تک محدود نہیں بلکہ ایسا محفوظ اور قابل اعتماد انفراسٹرکچر فراہم کرنا بھی ہے، جو مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے لیے ضروری ڈیٹا کی تیاری، پراسیسنگ اور تبادلے کو ممکن بنائے۔
معاہدے کے تحت ملٹی نیٹ پاکستان ورلڈ کانٹیکسٹ کو ڈیٹا اسٹوریج، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کرے گا، تاکہ کمپنی کے تیار کردہ ڈیٹا سیٹس امریکا اور دیگر ممالک میں روبوٹکس کمپنیوں اور تحقیقی اداروں تک محفوظ انداز میں پہنچائے جا سکیں۔
یہ شراکت داری پاکستان کو عالمی مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور جدید ڈیٹا ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک مؤثر شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔



ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔