’شاندار الوداع‘، ویرات کوہلی اور روہت شرما کا ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انڈیا کے دو لیجنڈ بلے باز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ہفتے کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے میچ میں کوہلی 76 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے اور روہت شرما 2011 کے بعد ورلڈ کپ جیتنے والے پہلے انڈین کپتان بن گئے۔
37 سالہ روہت شرما اور 35 سالہ ویرات کوہلی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی فہرست میں پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
روہت شرما نے 159 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 4 ہزار 231 رنز اسکور کیے، ان کے پاس ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ (5) سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ہے، انہوں نے اپنے کریئر میں دو (سال 2007 اور2024) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کیے۔
روہت اور کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان غیر متوقع نہیں تھا۔ بطور کپتان روہت نے 62 میچز کھیلے جس میں سے انڈیا نے 49 میچز جیتے۔ جہاں انہوں ںے 149.76 کے اسٹرائیک ریٹ اور 34.01 کی اوسط سے 1905 رنز اسکور کیے۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے روہت نے کہا کہ ’میں ہر ایک لمحہ یاد رکھوں گا، میں نے اپنے کیریئر کا آغاز اس فارمیٹ سے کیا تھا، میں ورلڈکپ جیت کر سارے فینز کو شکریہ کہنا چاہتا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کسی نے ابھی مجھے بتایا کہ میں نے 2007 میں شروعات کی تھی اور ہم نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اب میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد الوداع کہہ رہا ہوں۔‘

اسی دوران ویرات کوہلی نے بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، کوہلی کو شائقین کی جانب سے کرکٹ کے ’کنگ‘ اور ’گوٹ‘ یعنی گرئٹ آف آل ٹائم جیسے القابات دیے جاتے رہے ہیں۔
کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز 2010 میں کیا تھا، وہ اپنے دور میں ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں اور ان کے لیے یہ بھی کہا جاتا رہا ہے کہ وہ ہر حال میں ٹیم کے لیے اسکور بناتے ہیں جب ٹیم کو ان کی ضرورت ہوتی ہے۔
سابق کپتان کوہلی کے بارے میں روہت نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک چیمپئن کھلاڑی رہے ہیں، ہم سب جانتے ہیں کہ اس نے ہمارے لیے کیا کیا ہے۔‘
روہت نے کہا کہ ’ایک وقت ایسا ضرور آتا ہے کہ ہر کھلاڑی کو الوداع کہنا پڑتا ہے اور اس بارے میں ویرات کو معلوم تھا کہ وہ کیا کرنا جا رہے ہیں‘۔
کوہلی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرا آخری ورلڈکپ تھا، میں اپنا آخری میچ بالکل ایسا ہی چاہتا تھا، اپنے ہاتھ میں ٹرافی اٹھاتے ہوئے الوداع کہنا چاہتا تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اب نئی نسل کو موقع دینے کا وقت ہے، وہ اس فارمیٹ کو آگے لے کر چلے گیں‘۔
کوہلی نے کہا کہ ایک طویل انتظار کے بعد ہم نے آئی سی سی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، آپ روہت کو دیکھیں کہ انہوں نے 9 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلے ہیں اور یہ میرا چھٹا ورلڈکپ تھا، ورلڈکپ جیتنے کے بعد کیا جذبات تھے اس کا اظہار الفاظ میں کرنا مشکل ہے‘۔

ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔