میڈی پول کی افریقہ میں اسپورٹس ہیلتھ پارٹنرشپ، برکینا فاسو کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ

ترکیہ کے میڈی پول ہیلتھ گروپ نے افریقہ میں اپنی صحت سے متعلق سرگرمیوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے برکینا فاسو کے ساتھ اسپورٹس میڈیسن کے شعبے میں ایک اہم تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت برکینا فاسو کے قومی اور پیشہ ور کھلاڑیوں کو کھیلوں سے متعلق جدید طبی سہولیات، ٹراماٹولوجی، آرتھوپیڈک سرجری اور بحالی (ری ہیبلی ٹیشن) کی خدمات میڈی پول میں فراہم کی جائیں گی۔
ایسے کھلاڑی جن کا علاج برکینا فاسو میں ممکن نہ ہو، انہیں ترکیہ منتقل کرکے میڈی پول کے ماہرین کی نگرانی میں علاج کیا جائے گا۔

دونوں فریقوں نے مستقبل میں برکینا فاسو میں میڈی پول کا نمائندہ دفتر قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
یہ معاہدہ حال ہی میں میڈی پول میگا یونیورسٹی اسپتال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران طے پایا۔
تقریب میں برکینا فاسو کے اسپورٹس ایمبیسیڈر چارلس کابورے اور ترکیہ میں برکینا فاسو کے سفیر بریگیڈیئر جنرل وِنٹا سومے نے شرکت کی، جبکہ میڈی پول کی جانب سے ڈپٹی آپریشنز ڈائریکٹر ڈاکٹر اویگار اُستون، انٹرنیشنل پیشنٹ سروسز کے سربراہ ڈاکٹر مراد شمشیک، افریقہ ریجنل منیجر ڈاکٹر اسماعیل مراد، آرتھوپیڈکس و ٹراماٹولوجی کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر عدنان کارا اور افریقہ ٹیم کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔