کیا فلوریڈا کی بارش پاکستان کے سپر 8 میں کوالیفائی کرنے کے امکان کو ختم کر دے گی؟

پاکستان آج فلوریڈا میں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان ہونے والے میچ میں بارش نہ ہونے کی دعائیں کررہی ہے۔
کرکٹ کے کسی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے فائنل تک رسائی میں ’اگر مگر‘ کی صورتحال کوئی نئی بات نہیں ہے، ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں بابر الیون کو ایک بار پھر اسی صورتحال کا سامنا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج فلوریڈا میں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان ہونے والے میچ میں بارش نہ ہونے اور اگر بادل نہ برسے تو امریکا کی شکست کی دعائیں کررہی ہے۔
فلوریڈا کے موسم کی اگر بات کریں تو وہاں پچھلے دنوں ریکارڈ بارشیں ہوئی تھیں اور امریکی ویدر سروس کے مطابق وہاں آج مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی ہے۔
بارش کی وجہ سے 11 جون کو سری لنکا اور نیپال کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بھی کینسل ہوگیا تھا۔
پاکستان کے سپر ایٹ میں پہنچنے کے کیا چانسز ہیں؟
پاکستان گروپ اے میں انڈیا، آئرلینڈ اور کینیڈا کے ساتھ شامل ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم اب تک تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے انہیں دو میچز میں (انڈیا اور امریکا کے خلاف) شکست اور ایک میچ یعنی کینیڈا کے خلاف پہلی کامیابی ہوئی تھی۔
اس وقت گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل میں انڈیا پہلے نمبر پر ہے اور وہ پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
جبکہ امریکا کے سپر ایٹ میں پہنچنے کے اچھے امکانات ہیں کیونکہ اس نے تین میچز میں سے دو جیتے ہیں اور دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
فلوریڈا کے بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں آج امریکا اپنا چوتھا میچ آئرلینڈ کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑے 7 بجے کھیلے گا جس کا نتیجہ پوائنٹس ٹیبل پر اثر انداز ہوگا۔
تاہم اگر میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوجاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس ملیں گے، اس صورت میں امریکا کے 5 پوائنٹس ہوجائیں گے اور وہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔
دوسری صورت میں چونکہ آئرلینڈ نے ابھی تک ایک میچ بھی نہیں جیتا اور اگر وہ آج ہونے والا میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان اور کینیڈا میں سے ایک ٹیم نیٹ رن ریٹ کے مطابق سپر ایٹ میں جاسکتی ہے۔
اور اگر آئرلینڈ کے خلاف امریکا میچ جیت جاتا ہے تو گروپ اے کے بقیہ میچز سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور امریکا سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرلےگا۔
پاکستان اسکواڈ اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف اتوار( 16 جون) کو سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔
ہماری سائٹ پر آپ کے تبصرے دیگر صارفین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ہیں۔ براہ کرم مختلف آرا اور دوسرے صارفین کا احترام کریں۔ بدتہذیبی، جارحانہ، تضحیک آمیز یا امتیازی زبان کے استعمال سے گریز کریں۔