امریکہ کا مڈل ایسٹ کے سفارت خانوں میں موجود شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ
11:45, 19/10/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 11:45, 19/10/2026, پیر
ویب ڈیسک

سوشل میڈیا
ابوظبی میں امریکی سفارت خانہمشرق وسطیٰ میں امریکا کے متعدد سفارت خانوں نے خطے میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔ جس میں ایران اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ایران اور اس کے حامی گروہ دنیا بھر میں امریکا اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جن میں امریکی کاروباری ادارے اور دیگر جگہیں بھی شامل ہیں۔‘
امریکی شہریوں کو ممکنہ پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الرٹ میں سیکیورٹی صورت حال کے باعث اضافی احتیاط برتنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے جاری حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ تنازع فوری متاثرہ علاقے سے آگے تیزی سے پھیل سکتا ہے۔
یہ الرٹ مشرق وسطیٰ کے 12 ممالک پر لاگو ہوتا ہے، جن میں خلیجی عرب ریاستیں، اردن، عراق، شام، لبنان، اسرائیل، یمن اور ایران شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
سفارت خانے نے ممکنہ پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات سے خبردار کیا ہے۔
بیان کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ یمنی حوثی تنظیم نے سعودی عرب پر حملے کیے ہیں جن میں شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے جبکہ سفر بھی شدید متاثر ہوا۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ یہ کشیدگی فوری طور پر متاثرہ علاقوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی تیزے سے پھیل سکتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے مشرق وسطیٰ آنے یا وہاں سے روانہ ہونے والے امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور پیشگی متبادل سفری منصوبے تیار رکھیں۔