ایئر انڈیا کے جہاز کو ہائی جیکنگ کا خدشہ، فرینکفرٹ سے دہلی جانے والی پرواز جے پور منتقل کر دی
10:21, 14/10/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 10:22, 14/10/2026, بدھ
ویب ڈیسک

تصویر: ایروسپیس گلوبل
جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے انڈین دارالحکومت نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو انڈیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد ہائی جیکنگ کے خدشے سے متعلق سیکیورٹی الرٹ جاری ہونے پر جے پور منتقل کر دیا گیا۔
جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے انڈین دارالحکومت نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو انڈیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد ہائی جیکنگ کے خدشے سے متعلق سیکیورٹی الرٹ جاری ہونے پر جے پور منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بوئنگ 787-9 طیارے کی پرواز اے آئی 2030 نے پائلٹ کی جانب سے ہائی جیکنگ یا غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کے لیے بین الاقوامی طور پر استعمال ہونے والا ’اسکواک 7500‘ کوڈ بھیجا۔
طیارے نے صبح 9 بج کر 45 منٹ پر جے پور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی جس کے بعد اسے ایک الگ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بموں کی نشاندہی اور انہیں ناکارہ بنانے والی ٹیموں نے طیارے کی تلاشی لی۔
رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے احتیاطی تدبیر کے طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے قریبی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ سیکیورٹی اقدامات کے تحت دونوں پائلٹس کو بھی طیارے سے اتار لیا گیا جبکہ نئی دہلی میں نیشنل سیکیورٹی گارڈ کی ٹیم کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے نکال کر ایئرپورٹ ٹرمینل میں قائم ہنگامی انتظار گاہ منتقل کر دیا گیا۔ طیارے میں سوار مسافروں کی تعداد سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پولیس شیو دیال کے مطابق ایئرپورٹ حکام نے ہنگامی لینڈنگ کے بعد پولیس کو صورت حال سے آگاہ کیا۔
انڈین خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایئرپورٹ کے ’ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ہائی جیکنگ سے متعلق افواہ تھی، بم کی دھمکی نہیں۔‘ عہدیدار نے کہا کہ معاملے پر سرکاری طور پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔