ریاض ایئرپورٹ پر دو حملے، سعودی ایئرلائن کے پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک
12:14, 09/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 12:14, 09/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ ’ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں ایک پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔‘
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ ’ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں ایک پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔‘
اتھارٹی کے مطابق پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسرا حملہ سعودی ایئرلائن ’السعودیہ‘ کے ایک طیارے پر ہوا۔
ایئرلائن نے بیان میں کہا کہ ’جمعرات کو ہونے والے حملوں میں اس کے پائلٹ کیپٹن حمود علی الکثامی ہلاک ہوگئے۔ ایئرلائن نے پائلٹ کے اہلِ خانہ، عزیزوں اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔‘
سعودی ایئرلائن السعودیہ کے مطابق واقعے میں ایئرپورٹ پر کھڑے اس کے ایک طیارے کو بھی نقصان پہنچا، تاہم حملے کے وقت طیارے میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کہا کہ ’دونوں حملوں کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کی۔‘
اتھارٹی کے مطابق حملوں میں متعدد شہری اور رہائشی بھی زخمی ہوئے، جن کی حالت تشویش ناک تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ضروری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے کہا کہ ’متعلقہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے اور نقصان کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے، جبکہ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’ایئرپورٹ پر آپریشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آگئی۔‘
سعودی ایئر لائن السعودیہ نے بھی کہا کہ ’ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کی پروازیں اور آپریشنز جمعرات، 8 اکتوبر 2026 کو شام 6 بجے تک معمول پر آگئے تھے۔ ایئرلائن کے مطابق پروازوں کے شیڈول کی نگرانی اور مسافروں سے رابطہ جاری ہے۔‘