خانہ جنگی اور معاشی دباؤ اسرائیل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے: امریکی خفیہ رپورٹ
16:25, 06/10/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 16:28, 06/10/2026, منگل
ویب ڈیسک

خانہ جنگی اور معاشی تباہی اسرائیل کو خطرے میں ڈال سکتی ہے: خفیہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹ
امریکی انٹیلی جنس کی ایک خفیہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیل میں بڑھتی سیاسی، معاشی اور سماجی تقسیم ملک کو خانہ جنگی اور ریاست کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
تحقیقاتی ادارے ڈراپ سائٹ نیوز نے رپورٹ کیا کہ ’فریکچر فرام ودِن‘ کے عنوان سے یہ تجزیہ اگست میں سی آئی اے کے ’ریڈ سیل‘ یونٹ نے تیار کیا تھا۔ رپورٹ میں دو امریکی ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے جو اس کے مندرجات سے واقف ہیں۔
’ریڈ سیل‘ سی آئی اے کا ایک خصوصی یونٹ ہے جس کا مقصد مروجہ انٹیلی جنس مؤقف کو چیلنج کرنا اور متبادل نقطۂ نظر پیش کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل اسرائیل کو اندرونی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کو آئینی اور سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجوہ میں شمار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں جاری جنگ اور لبنان و ایران میں مسلسل لڑائی نے پہلے سے موجود سماجی تقسیم کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ طویل فوجی تعیناتیوں کے بعد بڑی تعداد میں واپس آنے والے فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں۔
سی آئی اے کی دستاویز میں خبردار کیا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی عالمی سفارتی تنہائی بھی اندرونی عدم استحکام کو تیز کرسکتی ہے، جس میں امریکا کے اندر اسرائیل کے لیے کم ہوتی حمایت بھی شامل ہے۔