برطانیہ میں ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ، امریکا نے ’بی ون بمبار طیارے‘ واپس منگوا لیے
10:13, 05/10/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 10:13, 05/10/2026, پیر
ویب ڈیسک

امریکا نے برطانیہ کے ایک فضائی اڈے سے اپنے بی ون بمبار طیارے واپس بلا لیے ہیں۔
امریکا نے برطانیہ کے ایک فضائی اڈے سے اپنے بی ون بمبار طیارے واپس بلا لیے ہیں۔ امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بتایا کہ یہ اقدام اڈے پر دہشت گردی کی کارروائی کے شبے میں کئی افراد کی گرفتاری کے بعد کیا گیا ہے۔
لندن میں ’آر اے ایف فیئرفورڈ ائیربیس‘ پر 12 بی ون بمبار طیارے تعینات تھے اور یہ وہ طیارے ہیں جو ایران کے خلاف امریکی فضائی حملوں میں استعمال کیے گئے تھے۔
پینٹاگون کے ترجمان نے ایک ای میل میں کہا کہ آپریشنل سکیورٹی کے باعث امریکا اپنے طیاروں اور فوجی دستوں کی نقل و حرکت کی بروقت تصدیق نہیں کرسکتا تھا۔ تاہم اب یہ تصدیق کی جاسکتی ہے کہ ’فیئرفورڈ ائیربیس‘ پر تعینات تمام امریکی بمبار طیارے امریکا میں اپنے مستقل اڈوں پر واپس پہنچ گئے ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم نے بدھ کو کہا تھا کہ برطانیہ کے پاس ’مضبوط شواہد‘ موجود ہیں کہ ایران کا اس فضائی اڈے کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی سازش سے تعلق تھا۔
ایران نے تہران کو اس مبینہ منصوبے سے جوڑنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور معاملے پر برطانوی سفیر کو طلب کیا تھا۔
وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ ممکنہ دہشت گردی کے منصوبوں پر سکیورٹی خدشات کے باعث طیاروں کو اڈے سے ہٹایا گیا۔
برطانوی حکومت نے امریکا کو ’فیئرفورڈ‘ میں موجود بمبار طیاروں کے ذریعے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملہ کرنے والے ایرانی میزائل اڈوں کو نشانہ بنانے کی اجازت دی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ مبینہ منصوبے میں ملوث افراد ’بڑا نقصان‘ پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔