غزہ میں 17 دن کی تلاش کے بعد ملبے سے 105 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد
12:06, 01/10/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 12:18, 01/10/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

AFP
غزہ سٹی میں اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیںغزہ کے سول ڈیفنس نے بدھ کے روز بتایا کہ سنٹرل غزہ سٹی کے علاقے ‘التاج’ میں اسرائیلی حملوں سے تباہ ہونے والی ایک رہائشی عمارت کے ملبے تلے سے 17 روزہ تلاش کے بعد 105 فلسطینیوں کی لاشیں اور باقیات نکال لی گئی ہیں۔
تباہ حال علاقے میں خاندان اپنے رشتہ داروں کی شناخت اور انہیں الوداع کہنے کے لیے جمع ہوئے، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے کفن میں لپٹی لاشوں کو ملبے کے درمیان قطار کی شکل میں رکھا۔
سول ڈیفنس نے کہا کہ ’لاشیں نکالنے کا یہ آپریشن ایک مصری کمیٹی کے ساتھ تعاون کے ذریعے انجام دیا گیا۔‘
سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا کہ ’متاثرین عام شہری تھے جنہیں امن اور تحفط کے ساتھ رہنے کا حق حاصل تھا، انہوں نے غزہ میں شہریوں کے تحفظ کا اعادہ کیا۔‘
اسی علاقے کے ایک رہائشی نے بتایا کہ حملے میں تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ مزید لاشیں اور لاپتہ افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے بدھ کو کہا کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 1,431 فلسطینیوں کی موت اور 5,026 زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری تنازع کے نتیجے میں 74,000 سے زائد فلسطینی ہلاک اور 175,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ علاقے کا تقریباً 90 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔