اسرائیل کی ایک ہفتے کے دوران لبنانی فضائی حدود کی 143 بار خلاف ورزی: یو این
14:20, 29/09/2026, منگل
ویب ڈیسک

AFP
جنوبی لبنانجنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے پیس کیپر (یونیفل) نے رپورٹ میں کہا ہے کہ ’اسرائیلی ڈرونز، لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز نے ہفتے کے دوران لبنان کی فضائی حدود کی 143 بار خلاف ورزی کی۔ اس دوران حزب اللہ یا دیگر مسلح گروپوں کی جانب سے کوئی راکٹ حملہ نہیں کیا گیا۔‘
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے پیر کو نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ ‘یونیفل نے جمعہ سے اتوار کے دوران یہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔‘
پیس کیپرز نے اپنے مشن کے دوران مشرقی اور مغربی دونوں سیکٹروں میں متعدد فضائی حملے بھی دیکھے۔
ترجمان ڈوجارک کے مطابق ’ان تین دنوں کے دوران یونیفل نے مجموعی طور پر 166 پروجیکٹائل ٹریجیکٹریز ریکارڈ کیے جو تمام اسرائیلی فوج سے کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ 'یونیفل نے حزب اللہ اور دیگر مسلح گروہوں کی جانب سے کوئی راکٹ حملہ ریکارڈ نہیں کیا۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ ‘ بلیو ہیلمٹ ‘ کے نام سے امن دستے نے نقورہ کے ساحل کے قریب 12 اسرائیلی بحری جہازوں کی لبنانی علاقائی پانیوں میں دخل اندازی بھی دیکھی، جو یونیفل کے سیکٹر ویسٹ میں آتا ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنوبی لبنان میں سرحد سے تقریباً 10 کلومیٹر اندر تک اسرائیلی افواج نے قبضہ کر لیا ہے اور مارچ سے اب تک 4 ہزار 300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ یونیفل 1978 کے امن مشن قیام کے بعد سے اس علاقے کی نگرانی کر رہی ہے، جس کا مینڈیٹ اس سال کے آخر میں ختم ہو رہا ہے جس پر لبنان نے سیکیورٹی خلا کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔