اسلامی کتب کی عالمی اشاعت پر کانفرنس، 67 ممالک سے 200 سے زائد پبلشرز استنبول پہنچیں گے
14:10, 21/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 14:12, 21/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

تصویر: انٹرنیشنل یونین آف اسلامک بک پبلشرز ایکس اکاؤنٹ
اسلامی کتب کی عالمی اشاعت پر کانفرنس، 67 ممالک سے 200 سے زائد پبلشرز استنبول پہنچیں گےاسلامی کتب کی اشاعت کے شعبے سے وابستہ 67 ممالک کے 200 سے زائد پبلشرز 25 سے 27 ستمبر تک ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والی ’انٹرنیشنل اسلامک پبلشنگ ورکشاپ‘ میں شرکت کریں گے۔
انٹرنیشنل یونین آف اسلامک بک پبلشرز کے زیر اہتمام یہ ورکشاپ مذہبی امور کی صدارت، وزارتِ ثقافت و سیاحت اور ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔
جبکہ استنبول صباح الدین زعیم یونیورسٹی اس کی میزبانی کرے گی۔
انٹرنیشنل یونین آف اسلامک بک پبلشرز کی بنیاد رکھنے کا عمل 2021 میں استنبول میں 30 ممالک کے پبلشرز کی شرکت سے شروع ہوا تھا۔ پانچ سال کی تیاری اور مشاورت کے بعد جنوری 2026 میں قانون کے تحت اسے بین الاقوامی ایسوسی ایشن کا درجہ دیا گیا۔
یونین کے بانی بورڈ میں ملائیشیا، ازبکستان، پاکستان، انڈونیشیا، انڈیا، ترکیہ، اردن، نائیجیریا، شمالی مقدونیہ، جرمنی اور برطانیہ کے نمائندے شامل ہیں۔ یونین کے مطابق صرف چھ ماہ میں اس کے رکن پبلشرز کی تعداد 67 ممالک سے بڑھ کر 231 ہوگئی ہے۔
ورکشاپ کا مقصد بین الاقوامی اشاعتی تعاون کو فروغ دینا، کاپی رائٹ اور ترجمے کی سرگرمیوں میں اضافہ، مشترکہ منصوبوں کا آغاز اور عالمی سطح پر اسلامی اشاعت کے شعبے کی نمائندگی کو مضبوط بنانا ہے۔
ورکشاپ میں پبلشنگ ہاؤسز کے علاوہ جامعات، غیر سرکاری تنظیموں، کتابوں کے تقسیم کاروں، بک سٹورز، کاپی رائٹ ایجنسیوں، مصنفین کی انجمنوں اور مختلف ممالک کی پیشہ ورانہ اشاعتی تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
12 گول میز کانفرنس اور استنبول اعلامیہ
پروگرام میں کاپی رائٹ و ترجمہ، تقسیم، تعلیمی اور بچوں کی کتابوں کی اشاعت، ڈیجیٹل پبلشنگ اور بین الاقوامی کتاب میلوں سمیت اشاعتی صنعت کے مختلف شعبوں پر 12 موضوعاتی گول میز اجلاس منعقد ہوں گے۔
ورکشاپ کے دوسرے روز 26 ستمبر کو یونین کی باقاعدہ جنرل اسمبلی بھی منعقد ہوگی، جس میں مستقبل کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات ہوں گے۔
ان اجلاسوں میں ہونے والی گفتگو اور سامنے آنے والی مشترکہ ترجیحات کی بنیاد پر ’استنبول اعلامیہ‘ بھی جاری کیا جائے گا، جس میں اسلامی اشاعت کے شعبے میں آئندہ بین الاقوامی تعاون کے لیے مشترکہ اہداف، ترجیحات اور کام کے شعبوں کا تعین کیا جائے گا۔
تین روزہ ورکشاپ میں بین الاقوامی پینلز، گول میز کانفرنس، جنرل اسمبلی، نیٹ ورکنگ پروگرامز اور ثقافتی دوروں کے ذریعے مختلف ممالک کے اشاعتی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔ جس کا مقصد اسلامی اشاعت کے شعبے میں طویل مدتی بین الاقوامی تعاون کا نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔