حوثی حملے اور سعودی عرب میں پائپ لائن کی بندش، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تین فیصد اضافہ
10:47, 14/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 12:28, 14/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

ABC News
ایسٹ-ویسٹ پائپ لائن کی سیٹلائٹ تصویرسعودی عرب پر حوثیوں کے نئے حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز تین فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
جس کے باعث سعودی عرب کی ایک اہم تیل پائپ لائن کی بندش نے سپلائی کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
برینٹ کروڈ کی قیمت 3.21 ڈالر یعنی 3.1 فیصد بڑھ کر 107.82 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ اسی طرح خام تیل 3.17 ڈالر یعنی 3.2 فیصد اضافے سے 103.22 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔
آئی این جی کے ’کموڈٹی اسٹریٹجسٹس‘ نے کہا کہ یہ پیش رفت سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں اضافے کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں اہم ’ایسٹ- ویسٹ پائپ لائن‘ کو نشانہ بنایا گیاہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ نقصان کتنا ہے یا پائپ لائن کتنے عرصے تک بند رہے گی۔‘
سعودی حکام کے مطابق ڈرون حملے کے بعد سعودی عرب کی ایسٹ-ویسٹ آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ یہ پائپ لائن سعودی عرب کو آبنائے ہرمز کے بغیر تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
اس بندش کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی کے چار فیصد تک حصے کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔
سعودی عرب کی برآمدات سے واقف صنعت کے تین ذرائع کے مطابق پائپ لائن کے بند ہونے کی وجہ سے سعودی بندرگاہ ینبع کے پاس صرف پانچ سے سات دن کی برآمدات پوری کرنے کے لیے ذخیرہ موجود ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے اتوار کو جنوبی صوبے ’جازان‘ میں گھروں اور ایک مسجد کو پہنچنے والے نقصان کی فوٹیج جاری کی۔ میڈیا کے مطابق یہ نقصان حوثیوں کے حملے کی وجہ سے ہوا ہے۔ جبکہ حوثیوں نے ایک پڑوسی صوبے میں سعودی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔
ادھر برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ’یو کے ایم ٹی او‘ نے بتایا کہ اتوار کو آبنائے ہرمز میں ایک جہاز پر میزائل لگا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور عملے کو جہاز سے نکالنا پڑا۔
ایران نے کہا ہے کہ اس کے ساحل کے قریب نشانہ بننے والے ایک ایرانی تجارتی جہاز پر سوار عملے کا ایک رکن ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
یمن میں ایران کے حامی حوثی جمعہ کے روز جزیرے ’پیرم‘ پہنچ گئے۔ اس پیش قدمی کا مقصد باب المندب کیے راستے پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنا ہے۔
یہ راستہ تیل کی نقل و حمل کا ایک اور اہم ترین راستہ ہے اور جہاں سے حالیہ مہینوں میں دنیا کے چار سے پانچ فیصد تیل کی ترسیل ہو رہی تھی۔
گزشتہ ہفتے بھی خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد اضافہ ہوا تھا اور یہ جولائی کے بعد پہلی بار 100 ڈالر کی سطح سے تجاوز کر گئی تھیں۔
عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر بات چیت کے لیے پیر کو عمان میں ہونے والا طے شدہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے چھ ماہ قبل شروع کی گئی جنگ پر جون میں ہونے والا معاہدہ ناکام ہونے کے بعد سے اب تک کوئی امن مذاکرات نہیں ہو سکے۔