’کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ اور تیل کی بڑھتی قیمتیں‘، ایل این جی کا جہاز پہنچے پر ’عارضی ریلیف ملنے کا امکان‘
15:11, 10/09/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 10:57, 11/09/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AA
فائل فوٹوپاکستان کے سرکاری عہدیدار نے ترکیہ کے خبر رساں ادارے انادلو کو تصدیق کی ہے کہ قطر سے تقریبا 82 ہزار میٹرک ٹن مائع قدرتی گیس ‘ایل این جی’ لے جانے والا ایک بڑا کارگو جہاز آبنائے ہرمز سے گزر کر پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پورٹ قاسم کے ترجمان اسد الطاف نے بتایا کہ قطر کے راس لافان ٹرمینل سے ایل این جی لے کر آنے والا جہاز ’المرونہ‘ پیر کو آبنائے ہرمز سے گزرا اور جمعرات کی صبح ملک کے تجارتی مرکز کراچی میں واقع پورٹ قاسم پر پہنچ گیا ہے۔
یہ جولائی کے بعد آبنائے ہرمز کے راستے پاکستان کے لیے قطر کی جانب سے آنے والی پہلی ’ایل این جی‘ کی ترسیل ہے۔
اسد الطاف کے مطابق اسلام آباد کو قطر سے آنے والی ایل این جی کا آخری کارگو 11 جولائی کو موصول ہوا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’قطر انرجی سے طے شدہ کارگوز علاقائی صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔‘
قطر کے ساتھ حکومتوں کے طے پانے والے معاہدوں کے تحت پاکستان کو موصول ہونے والی ’ایل این جی‘ کی تازہ ترسیل سے پاکستان میں ایل این جی کی فراہمی میں اضافے اور بجلی کے شعبے کو عارضی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
اس سے آبنائے ہرمز کے راستے قطری ایل این جی کی طویل تعطل کے خدشات کو بھی ختم کردیاہے۔
پاکستان اور قطر، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کے عمل میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لا کر ان کی کئی ماہ سے جاری کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
انادلو کے مطابق آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دوران پاکستان کو اس وقت ملک کے کئی حصوں میں 6 سے 12 گھنٹے تک کی بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
اس وقت اسلام آباد خام تیل کی غیر مستحکم مارکیٹ کے پیشِ نظر ایندھن کی قیمتوں کا تعین کر رہا ہے، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔