نیٹو کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تین نئے منصوبوں کا اعلان
12:21, 07/07/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 12:22, 07/07/2026, منگل
ویب ڈیسکAA

AA
نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے انقرہ میں ڈیفینس انڈسٹری فورم سے خطاب کر رہے ہیں۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے ترکیہ میں سربراہی اجلاس کے موقع پر منگل کو تین نئے دفاعی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ مارک روٹے نے نیٹو اجلاس کے پہلے روز ڈیفینس انڈسٹری فورم سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی تعاون سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا۔
ڈیفینس انڈسٹری فورم نیٹو کے دو روزہ سربراہی اجلاس کا پہلا سرکاری ایونٹ ہے جو منگل کی صبح انقرہ میں منعقد ہوا ہے۔ روٹے نے اس تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اتحاد کی انٹیلی جینس اور نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق منصوبوں کا اعلان کیا۔
پہلا اقدام ایک کثیر القومی ماڈرنائزیشن پروگرام کا ہے جس میں ایئربس کے A400M اور A330 ٹرانسپورٹ طیارے خریدے جائیں گے۔ مارک روٹے کا کہنا تھا کہ کئی اتحادی باضابطہ طور پر اضافی A330 طیاروں کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اس منصوبے سے نیٹو کی اسٹرٹیجک ایئرلفٹ اور ری فیولنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اتحاد کی نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ طور پر MQ-4C جاسوسی ڈرون حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مارک روٹے کا کہنا تھا کہ یہ اضافی طیارے بحری علاقوں میں نگرانی کے لیے مددگار ثابت ہوں گے اور دفاع کی انٹیلی جینس صلاحتیوں میں بھی اضافہ کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حالات کے پیش نظر نیٹو ممالک کو مل کر ہتھیار اور اپنا دفاع مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
مارک روٹے کی جانب سے اعلان کردہ تیسرا منصوبہ نیٹو کے بوئنگ E 3A ریڈار طیاروں (ایئربورن وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹم) کو تبدیل کرنے کا ہے جو کافی پرانے ہو چکے ہیں۔ نیٹو اتحادی ان طیاروں کی جگہ 10 سوئیڈش ساختہ ساب گلوبل آئی طیارے حاصل کریں گے۔