کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان، انڈیا پاکستان اور آسٹریلیا ایک ہی گروپ میں
10:08, 02/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 10:12, 02/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

2027 کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا اپنے ابتدائی دو میچوں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 2027 کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا اپنے ابتدائی دو میچوں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرے گا۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا اس کے تین روز بعدانڈیا اور پاکستان کا مقابلہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے ’وانڈررز سٹیڈیم‘ میں ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں ہونے والا ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے شروع ہوگا، جبکہ فائنل 27 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان گروپ میچ ’وانڈررز سٹیڈیم‘ میں ہوگا، وانڈررز سٹیڈیم کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا وینیو کہا جا رہا ہے۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں تین کم رینک والی ٹیموں میں سے دو کو باہر کیا جائے گا۔ اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کرکے راؤنڈ رابن میچز کرائے جائیں گے۔
ہر گروپ کی تین سرفہرست ٹیمیں اور چوتھے نمبر پر آنے والی بہترین ٹیم سپر سیون مرحلے میں پہنچے گی، جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف اب تک اپنے تمام آٹھ میچز جیتے ہیں، جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا نے نو میں سے آٹھ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
گروپ ’اے‘ میں انڈیا، آسٹریلیا اور پاکستان کے علاوہ افغانستان، زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم بھی شامل ہوگی۔