افغانستان پر حملہ کر کے 28 دہشت گردوں کو ہلاک کیا: پاکستان
10:26, 21/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 15:43, 21/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

تصویر: اے ایف پی
پاکستان نے پیر کو افغانستان میں فضائی حملے کیے جن میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہوگئے۔پاکستان کے وزارت اطلاعات نے پیر کے روز کہا ہے کہ افغا نستان میں کیے گئے فضائی حملوں میں تین اہداف کو نشانہ بنایا گیا ،جس کے نتیجے میں 28 خودکش حملہ آور اور دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
افغان حکام کے مطابق پاکستان نے پیر کو افغانستان میں فضائی حملے کیے جن میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ حملوں کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان حکومت کے نائب ترجمان حمداللہ فطرت نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’صوبہ کنڑ میں ایک گھر حملے کی زد میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔‘
انہوں نے بتایا کہ صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں بھی دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک دکان اور ایک خالی مکان تباہ ہوا، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان شدید جھڑپیں ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروری سے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔
تنازع کی بنیادی وجہ پاکستان میں عسکریت پسندی ہے۔ پاکستان کی جانب سے عائد الزام ہے کہ افغانستان میں موجود عسکریت پسند وہاں سے سرحد پار پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیاں کرتے ہیں۔ افغان طالبان حکومت اس الزام کی تردید کرتے ہوئے عسکریت پسندی کو پاکستان کا داخلی مسئلہ قرار دیتی ہے۔

اس سے قبل جولائی میں افغانستان نے پاکستان کی جانب ڈرون حملے کیے تھے جنہیں پاکستان نے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
مارچ میں کابل میں ایک پاکستانی کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا بڑا واقعہ تھا۔ افغان طالبان کے مطابق اس حملے میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک منشیات بحالی مرکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ پاکستان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے فوجی تنصیبات اور دہشت گردوں کے معاون انفراسٹرکچر کو درست نشانہ بنایا۔
لندن میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹیجک سٹڈیز کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے پاس 422 جنگی طیارے اور 260 سے زائد ہیلی کاپٹرز ہیں، جبکہ افغانستان کے پاس لڑاکا طیارے نہیں، تاہم اس کے پاس کم از کم 6 دیگر طیارے، 23 ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز موجود ہیں۔