پاکستان کے مختلف علاقوں میں 17ستمبر تک بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
12:01, 15/09/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 14:11, 15/09/2026, منگل
ویب ڈیسک

تصویر: اے ایف پی
17 ستمبر تک متوقع بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ، دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 17 ستمبر تک متوقع بارشوں کے باعث فلیش فلڈنگ، دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے، جس سے کچھ مقامات پر اچانک سیلاب کا خطرہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گوپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، سکردو اور شگر سمیت مختلف علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی جبکہ بلوچستان میں ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل کو سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
الرٹ میں اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ شامل ہیں، میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری یقینی بنانے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ای او سی ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لے رہا ہے اور عوام و متعلقہ اداروں تک بروقت معلومات پہنچانے کے لیے رابطہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو شدید بارش کے دوران طغیانی والے ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی راستوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اتھارٹی نے عوام پر زور دیا ہے کہ موسم، ممکنہ خطرات اور حفاظتی ہدایات سے متعلق تازہ معلومات کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘ سے استفادہ کریں۔
سیلاب سے متعلق کسی ہنگامی صورتحال میں 911 ہیلپ لائن سے مدد حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
