یو این کے 81 ویں اجلاس سے قبل نیوریارک پہنچنے پر ترک صدر کا استقبال
11:13, 21/09/2026, پیرا: اپ ڈیٹ: 11:15, 21/09/2026, پیر
ویب ڈیسک

تصویر: انادلو
یو این کے 81 ویں اجلاس سے قبل نیوریارک پہنچنے پر ترک صدر کا استقبال ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے 81 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔
نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اردوان کا استقبال اقوام متحدہ میں ترکی کے سفیر احمد یلدز، واشنگٹن میں سفیر سیدت اونال اور نیویارک میں قونصل جنرل محیطین احمد یازل سمیت دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے کیا۔
ترک صدر منگل کو اعلیٰ سطحی مباحثے کے افتتاحی روز اپنا سالانہ خطاب کریں گے جو جنرل اسمبلی کے فورم سے ان کا 16 واں خطاب ہوگا۔
صدر اردوان استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ سے صدارتی طیارے میں خاتون اول ایمینہ اردوان اور اعلیٰ وفد کے ہمراہ روانہ ہوئے۔
وفد میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر انصاف اکن گورلیک، وزیر خزانہ و مالیات مہمت شمشیک، نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن کے سربراہ ابراہیم کالن اور ڈائریکٹر مواصلات برہان الدین دوران شامل ہیں۔
توقع ہے کہ صدر اردوان خطاب میں غزہ میں اسرائیلی فوجی کاروائیوں، فلسطینی ریاست کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے اور تل ابیب کے خلاف عالمی سفارتی اقدامات پر زور دیں گے۔
صدر اردوان اس ہفتے کے دوران مختلف سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔
ترک صدر بدھ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے’ کلائمیٹ سمٹ ‘سے بھی خطاب کریں گے، جبکہ اس سال نومبر میں ترکیہ انطالیہ میں ‘ اقوام متحدہ کی کلئمیٹ چینج کانفرنس’ ’سی او پی 31‘ کی میزبانی بھی کرے گا۔