مکہ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں: ترکیہ
09:41, 17/09/2026, جمعراتا: اپ ڈیٹ: 09:58, 17/09/2026, جمعرات
ویب ڈیسک

تصویر: میگنیفک
’ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ایسے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں جو علاقائی استحکام اور سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔‘ترکیہ نے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ایسے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں جو علاقائی استحکام اور سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
وزارت خارجہ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
سعودی قیادت میں اتحاد کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے بدھ کو یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ کے جنوب میں بھیجے گئے ڈرون کو شہر کی محدود فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے روک کر تباہ کردیا تھا۔ حوثیوں نے سعودی عرب کے مکہ کو نشانہ بنانے کے بیان تردید کی ہے۔
ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے سربراہ برہان الدین دوران نے بھی مکہ کی حرمت اور سلامتی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش مسلم دنیا کے احساسات کو مجروح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ کے امن و سلامتی کا تحفظ پوری اسلامی دنیا کی مشترکہ ترجیح ہے۔
برہان الدین دوران نے صدر رجب طیب اردوان کے مکالمے اور پائیدار امن کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کو مزید تنازعات کے بجائے سمجھ بوجھ، مذاکرات اور پائیدار امن کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’ترکیہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
اس سے قبل عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی فورسز نے مکہ مکرمہ کے قریب یمن کے حوثیوں کی جانب سے بھیجے گئے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔‘
‘بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ 'حوثیوں کی مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دہشت گردانہ حملے کی یہ دوسری کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی 27 جولائی 2017 کو حوثیوں نے مکہ کی جانب بیلسٹک میزائل حملہ کیا تھا۔