اسلام آباد راولپنڈی میں طوفانی بارشوں سے معمولاتِ زندگی متاثر، تعلیمی اداروں میں چھٹی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
11:13, 01/09/2026, منگلا: اپ ڈیٹ: 11:38, 01/09/2026, منگل

AA
راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال۔ فائل فوٹوپاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں آج صبح ہونے والی شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور نال لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 29 فٹ اور گوالمنڈی پر 23.5 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی کےمتاثرہ علاقوں میں 200 ملی میٹر بارش ہونے کے بعد مقامی انتظامیہ نے کٹاریاں اور گوالمنڈی کے ساتھ لگنے والے علاقوں سے رہائشیوں کا انخلاء شروع کرا دیا ہے۔
ممحکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق صبح 8:20 بجے تک راولپنڈی کے شمس آباد میں 201 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 186 ملی میٹر اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد کےایچ -8/2 سیکٹر میں 155 ملی میٹر اور سید پور میں 104 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد میں مجموعی بارش تقریبا 150ملی میٹر رہی ہے۔

صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر راولپنڈی سٹی کی حدود میں واقع تمام تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے ایکس پر بتایا کہ موسلا دھار بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد سے تجاوز کر گئی ہے جس کے باعث سپل ویز دوپہر 2 بجے کھول دیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
ایک اور پوسٹ میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای 11 میں بارش کے نتیجے میں نالے اوورفلو ہونے سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ ان کے ایک اور بیان کےمطابق ڈی 12 میں دیوار گرنے کے واقعے پر ریسکیو آپریشن کیا گیاہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
جبکہ اسلام آباد کے چیف کمشنر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) سہیل اشرف نے ڈی سی میمن کے ہمراہ نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں، گاڑی کم رفتار میں چلائیں اور دوسری گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں کیونکہ پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 5 ستمبر تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔ جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی مدت کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔