امریکہ اور ایران کا 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ 17 اگست کو ختم ہونے سے پہلے توسیع پر اتفاق
13:20, 12/08/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 13:43, 12/08/2026, بدھ
ویب ڈیسک

AFP
فائل فوٹوپاکستان کے سرکاری ذرائع نے بدھ کو ترکیہ کے خبر رساں ادارے انادلو کو بتایا ہےکہ امریکہ اور ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت 60 دن کی جنگ بندی کے فیصلے میں مزید توسیع پر اتفاق کیا ہے جبکہ یہ معاہدہ 17 اگست کو ختم ہو رہا ہے۔
ترکیہ کے خبر رساں ادارے انادلو نے بدھ کے روز پاکستانی حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ اور ایران نے ثالثوں کو توسیع پر اپنی رضامندی سے آگاہ کر دیا ہے۔
ثالثوں کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں فریقین نے ثالثوں کو ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دونوں فریقین توسیع کی مدت کا فیصلہ کرنے کے لیے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
امریکہ اور ایران نے اپریل میں پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا اور بعد میں 17 جون کو ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیےتھے، جس سے حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا ۔
تاہم بعد میں یہ مذاکرات سیکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر اختلاف کی وجہ سے رک گئی تھی۔
8 جولائی اور 24 جولائی کے درمیان امریکہ اور ایران نے فوجی حملوں کا تبادلہ کیا تھا، جس کے بعد امریکہ نے ایران کے اندرمختلف اہداف پر حملے شروع کیےتھے اور تہران نےجوابی کاروائی میں اردن، بحرین اور کویت سمیت کئی عرب ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔