آبنائے ہرمز میں جہازوں کے نقصان کا ہرجانہ منجمد ایرانی فنڈز سے ادا کرنے کا اعلان، اس سے خطرناک مثال قائم ہوگی: عباس عراقچی
12:57, 24/07/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 12:59, 24/07/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AA
عباس عراقچی (فائل فوٹو)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں حملوں کے باعث کسی جہاز، اس کے سامان یا متعلقہ چیزوں کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کا ہرجانہ امریکہ کے پاس ضبط ایران کے منجمد فنڈز سے ادا کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ نقصان زیادہ ہو سکتا ہے لیکن یہی منصفانہ اور مناسب طریقہ ہے۔
یاد رہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایران کے اربوں ڈالر کے اثاثے امریکہ میں موجود ہیں جنہیں واشنگٹن نے منجمد کر رکھا ہے۔
اس کے جواب میں ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ کسی دوسرے ملک کے اثاثے ضبط کر کے انہیں مستقبل کے غیر متعلقہ نقصانات کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنا ایک خطرناک مثال قائم کرنا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ جو لوگ اس پر خوشی منا رہے ہیں یا اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ جب حکومتیں دوسرے ممالک کے اثاثے ضبط کرنے کو معمول بنالیں تو پھر کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہتے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کے بقول اس سے پیدا ہونے والا انتشار کبھی ختم نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکہ ایران پر گزشتہ ہفتے سے حملے جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ ایران بھی جواباً خطے کے مختلف ممالک میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ اور حملوں کا تبادلہ اس کے باوجود جاری ہے کہ جون میں پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران نے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد فروری میں شروع ہونے والی جنگ کا خاتمہ اور امن برقرار رکھنے کی راہ ہموار کرنا تھا۔
جنگ دوبارہ شروع ہونے کی وجہ سے تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئی ہیں اور آبنائے ہرمز بھی بند ہے۔