ایران کی مزید بحری راستے بند کرنے کی تنبیہ؛ آبنائے ہرمز کی طرح اہم آبنائے باب المندب کیا ہے اور کہاں واقع ہے؟
12:30, 15/07/2026, بدھا: اپ ڈیٹ: 12:30, 15/07/2026, بدھ
ویب ڈیسک

باب المندب بحیرہ احمر کے دہانے پر واقع ہے
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو وہ مزید بحری گزرگاہوں کو بھی بند کر سکتے ہیں اور دنیا کی تیل و گیس کی سپلائی معطل کر سکتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری اس بیان میں نام لے کر واضح تو نہیں کیا گیا کہ وہ کس بحری راستے کو بند کر سکتے ہیں۔ لیکن تجزیہ کاروں کے خیال میں ایران کا اشارہ باب المندب کی طرف ہے۔
باب المندب آبنائے ہرمز کی طرح ایک انتہائی اہم سمندری راستہ ہے جو بحیرۂ احمر کے دہانے پر واقع ہے۔ آبنائے باب المندب کے ایک طرف یمن اور سعودی عرب ہے تو دوسری جانب افریقی ممالک ہیں۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایران یمن میں اپنے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو استعمال کرتے ہوئے باب المندب کو بند کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

یہ بحری راستہ نہ صرف سعودی عرب کے تیل کی برآمدات کے لیے انتہائی اہم ہے بلکہ بحری تجارت کا ایک اہم روٹ بھی ہے۔ ایشیا سے یورپ جانے والے بیشتر بحری تجارتی جہاز اسی راستے سے گزرتے ہیں۔
حوثی ماضی میں بھی باب المندب کو بند کرنے کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد حوثیوں نے بحیرہ احمر سے گزرنے والے کئی جہازوں پر حملے کیے تھے جس کی وجہ سے کئی بڑی شپنگ کمپنیاں اپنے جہازوں کو افریقہ کے اطراف سے گزارنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔