ایران کے خلاف نیو کلیئر ہتھیار استعمال نہیں کروں گا ، اس کی ضرورت نہیں: ٹرمپ
10:26, 16/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 11:28, 16/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AFP
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔ فائل فوٹوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکہ کو اس کی ضرورت نہیں اور 'مدر آف آل بمبز' جوہری ہتھیار نہیں ہے۔‘
جمعرات کو دیے گئے امریکی چینل نیوز میکس کو انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی انتظامیہ ایران کے خلاف وسط مدتی انتخابات کے بعد بم کے استعمال پر غور کر رہی ہے؟ تو ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ ’یہ ایک روایتی ہتھیار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مدر آف آل بمبز جوہری نہیں ہے، بلکہ یہ صرف ایک انتہائی بڑا بم ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جوہری ہتھیار استعمال نہیں کروں گا اور ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔‘
انہوں نے ایران کی جوہری تنصیبات پر مزید حملوں کے امکان کا بھی ذکر کیا، جس میں ایران میں موجود ’پک ایکس ماؤنٹین‘ کے نام سے جانا جانے والا مبینہ زیر زمین سائٹ بھی شامل ہے۔
صدر نے کہا کہ ’اب ہم پک ایکس ماؤنٹین کو دیکھ رہے ہیں ہمیں وہاں جانا پڑ سکتا ہے۔ہم اس پر حملہ کریں گے، ہم اسے تیزی سے تباہ کر دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس بات کو یقینی بنائے بغیر کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے اور معاہدے سے پیچھے ہونے کی صورت میں ایک سال کے اندر امریکہ کو مزید فوجی کارروائی کرنی پڑ سکتی ہے۔‘
مزید کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ان کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ ہو۔‘
ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایران جنگ بہت جلد ختم ہو جائے گی، کسی نہ کسی طرح یہ بہت جلد ختم ہو جائے گی۔ اور تیل اور گیس کی قیمتیں پتھر کی طرح گر جائیں گی۔‘
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکام نے امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے کی درخواست کی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر اعتماد کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ سچ کہوں تو میں سیاست کی دنیا میں کسی پر بھروسہ نہیں کرتا۔