امریکہ: ریاست اوریگون کے سکول میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک، حملہ آور مارا گیا
09:44, 16/10/2026, جمعہا: اپ ڈیٹ: 10:27, 16/10/2026, جمعہ
ویب ڈیسک

AFP
امریکی ریاست اوریگون کے سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ
امریکی پولیس کے مطابق ’جمعرات کے روز امریکی ریاست اوریگون کے ایک ایلیمنٹری سکول میں 16 سالہ حملہ آور نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔‘
جبکہ حملہ آور کو بعد میں مقامی کمیونٹی کے ایک مسلح شخص نے ہلاک کر دیا، جو اس کا پیچھا کرتے ہوئے سکول کے اندر تک چلا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ’حملہ آور نے جمعرات کو سلور ریل ایلیمنٹری سکول کے بند دروازوں پر فائرنگ کر کے اندر داخل ہوا۔‘
پولیس نے ملزم کی عمر کے علاوہ مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
بینڈ پولیس چیف مائیک کرانٹز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں 5، 8 اور 11 سال کے بچے اور ایک ٹیچر شامل ہیں، جبکہ ایک 7 سالہ طالب علم اور 54 سالہ ٹیچر شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘

AFP
پولیس کے مطابق ’ایمرجنسی کال دوپہر 12 بج کر 59 منٹ پر موصول ہوئی جس میں ایک گاڑی میں موجود شخص نے بتایا کہ اس پر لانگ گن سے کئی بار فائرنگ کی گئی۔ اس کے چند منٹ بعد کالز موصول ہوئیں کہ حملہ آور اسکول میں داخل ہو گیا ہے۔‘
اوریگون کی گورنر ٹینا کوٹیک نے اسی بریفنگ میں اس کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جس نے 'بہادری سے مداخلت کر کے مزید جانی نقصان کو روکا۔'
گورنر نے مزید کہا کہ ’کسی بھی والدین کو ایسا دن نہیں دیکھنا چاہیے اور نہ ہی کسی کمیونٹی کو۔‘